ہم بدلہ لینے نہیں آئے ہیں: وراٹ

Taasir Hindi News Network | Uploaded on 24-Jan-2020

آکلینڈ،(یو این آئی) ہندوستان کو گزشتہ سال انگلینڈ میں ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں کروڑوں خواب توڑنے والی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن نیوزی لینڈ سے تینوں فارمیٹ میں کھیلنے آئے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ یہ بدلہ لینے والی سیریز نہیں ہے۔ہندستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی -20 سیریز جمعہ سے شروع ہو رہی ہے۔ اس میچ کی شام منعقد پریس کانفرنس میں وراٹ سے بدلہ لینے کے بارے میں دریافت کئے جانے پر ہندوستانی کپتان نے کہاکہ ایمانداری سے کہوں کہ اگر آپ بدلہ لینے کے بارے میں سوچنا بھی چاہتے ہیں تو یہ لوگ اتنے اچھے ہیں کہ آپ اس بارے میں سوچ بھی نہیں پاتے۔ہندوستان کو ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ہاتھوں 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یہ ہار آج بھی ہندستانی کرکٹ شائقین کو پریشان کر دیتی ہے۔اس بارے میں پوچھنے پر وراٹ نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔یہ لوگ بہت اچھے ہیں اور ہم ان سے اتنے گھل مل گئے ہیں کہ ہم اس بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔یہ صرف میدان پر مسابقتی ہونے کی بات ہے۔یہ ایک شاندار ٹیم ہے جو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے صحیح معیار پیش کرتی ہے۔وہ کھیل کی ہر گیند کے ساتھ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں اور یہ بات ان کی جسمانی حرکات و سکنات سے واضح ہو جاتی ہے۔