اقتصادی محاذ پر ناکام مودی حکومت توجہ ہٹانے کی کوشش میں: راہل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-Jan-2020

نئی دہلی (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر اقتصادی محاذ پر ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ حکومت کو نوجوانوں کی آواز کو دبانا نہیں بلکہ سننا چاہیے۔ مسٹر گاندھی نے پارلیمنٹ انیکسی میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے کہا کہ ملک کی اقتصادی حالت، بے روزگاری اور نوجوانوں کی ناراضگی پر خصوصی طور پر بحث کی گئی۔ انہوں نے حکومت پر ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ طالب علموں، نوجوانوں اور کسانوں میں غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ان مسائل سے نمٹنے کی بجائے ملک کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سمجھتے ہیں کہ مسٹر مودی اقتصادی محاذ، روزگار، نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں ایسے میں نوجوانوں کی آواز اٹھنا جائز ہے۔ اسے دبایا نہیں جانا چاہئے بلکہ حکومت کو اسے سننا چاہیے۔