خاتون کرکٹر جھولن گوسوامی کا کردار نبھائیں گی انوشکا شرما

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-Jan-2020

ممبئی، (یو این آئی) بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما پردہ سمیں پر ہندستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جھولن گوسوامی کا کردار نبھا سکتی ہیں۔ بالی وڈ میں آجکل کھلاڑیوں کی بایوپک بنانے کا رجحان زوروں پر ہے ۔ رنویر سنگھ کی ’83‘ اور شاہد کپور کی ’جرسی‘ کے بعد اب انوشکا شرما بھی کرکٹ پر مبنی فلم میں دکھائی دے سکتی ہیں۔ انہوں نے جھولن گوسوامی کا کردار نبھانے کا ارادہ کرلیا ہے اور ان دنوں اپنے کردار کے لئے تیاری کررہی ہیں جس کے لئے وہ کرکٹ کی ٹریننگ لے رہی ہیں ۔ انہیں ہندستانی کرکٹر جیمیما روڈرکس کے والد ایوان روڈرکس اور کوچ پرشانت شیٹی ٹریننگ دے رہے ہیں ۔ گزشتہ ایک برس سے انوشکا شرما نے کسی فلم کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ان کی آخری فلم 2018 میں آئی فلم ’زیرو‘ تھی ۔ انوشکا کا کہنا تھا کہ وہ اب اس مقام پر پہنچ گئی ہیں جہاں اپنے حساب سے فلم چن سکیں ۔ وہ صرف وقت گزارنے کے لئے فلمیں نہیں کرنا چاہتیں۔ ان کاکہنا تھا کہ وہ صرف دلچسپ اسکرپٹ پر فوکس کررہی ہیں۔