دھونی آئی پی ایل میں چنئی کے لئے کھیلتے رہیں گے: سری نواسن

Taasir Hindi News Network | Uploaded on 20-Jan-2020

چنئی، (یو این آئی ) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر اور آئی پی ایل ٹیم چنئی سپر کنگز کے مالک این شری نواسن نے کہا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی قومی ٹیم کی جانب سے کھیلیں یا نہ کھیلیں وہ لیگ کے 2020 ورژن میں ٹیم کا حصہ ضرور بنیں گے۔چنئی ٹیم مالک انڈیا سیمنٹ کے نائب صدر اور ڈائریکٹر شری نواسن نے کہا ہے کہ آئی پی ایل 2020 ورژن میں دھونی چنئی کی جانب سے کھیلیں گے اور 2021 کے آئی پی ایل سے پہلے ہونے والی نیلامی میں انہیں رٹین بھی کیا جائے گا۔سری نواسن نے انڈیا سیمنٹ کے ایک پروگرام میں کہاکہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ دھونی کب ریٹائر ہوں گے، وہ کب تک کھیلیں گے ۔ میں صرف آپ کو اس بات کا یقین دلا سکتا ہوں کہ وہ اس سال کھیلیں گے ۔ اگلے سال وہ نیلامی میں جائیں گے اور فرنچائز انہیں رٹین کرے گی۔ اس لئے کسی کے دماغ میں یہ شک نہیں ہونا چاہیے۔38 سالہ دھونی ایک فعال کھلاڑی ہیں، لیکن انہوں نے 2019 عالمی کپ کے بعد سے ہندستان کے لئے نہیں کھیلا ہے اور انہیں اب بی سی سی آئی نے مرکزی معاہدہ سے بھی باہر کر دیا ہے۔ اس کے بعد سے ہی سابق کپتان کے کریئر کو لے کر سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔وہیں قومی کوچ روی شاستری نے حال ہی میں کہا تھا کہ دھونی کو ٹیم میں منتخب ہونے کا فیصلہ ان کے انڈین پریمیئر لیگ میں مظاہرے پر انحصار کرے گا۔ دھونی سب سے زیادہ کامیاب کپتانوں میں ہیں جن کی قیادت میں ہندستان نے 2007 کے ٹی -20 ورلڈ کپ اور 2011 کے عالمی کپ میں جیت درج کی ہے۔ اس کے علاوہ 2013 میں آئی سی سی چمپئنز ٹرافی فاتح بھی بنا۔ دھونی اپنی کپتانی میں چنئی کو تین بار آئی پی ایل چمپئن بنا چکے ہیں۔