عرفان حبیب پر انگشت نمائی دانشوری کی روایت کے خلاف:طاہرمحمود

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-Jan-2020

نئی دہلی :ملک کے ممتاز مؤرّخ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مؤقّر استاد پروفیسر عرفان حبیب پررکیک نکتہ چینی ملک کی دانشوری کی روایت کی توہین ہے۔اس اظہار خیال کے ساتھ قومی اقلیتی کمیشن کے سابق سربراہ پروفیسر طاہر محمود نےموصوف پر پرکچھ عرصے سے جاری تنقیدی سلسلے کو افسوسناک قرار دیا ۔ پروفیسر محمود نے کہاکہ کیرالا میں انڈین ہسٹری کانگریس کے جلسے کے دوران ایک ناخوشگوار واقعے کے بعد وہاں کے گورنرعارف محمّد خاں نے پروفیسر موصوف سے متعلّق مبینہ طور پرجو باتیں کہیں وہ علی گڑھ کی تعلیم و تربیت اور احترام استاد کی روایت سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ انہوں نے دو دن پہلے علی گڑھ کے ایک وکیل کی طرف سے پروفیسر حبیب کو بھیجے جانے والے قانونی نوٹس کے حوالے سے یہ استدلال بھی کیا کہ’’یہ سب کچھ ایک مخصوص ذہنیت کی عکّاسی کر تا ہے جو بدقسمتی سے آج کل ہمارے معاشرے میں غالب ہے‘‘ ۔