ملک میں آر ایس ایس کا نہیں بابا صاحب کا آئین چلے گا:نظرعالم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-Jan-2020

دربھنگہ :(عبد المتین قاسمی ) ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے یہاں آر ایس ایس کا نہیں بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر جی کا بنایا ہوا قانون چلے گا۔مرکز کی نکمی سرکار ملک میں بڑھتی بیروزگاری،ڈی جی،پی،میں لگاتار ہورہی گراوٹ،نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے سمیت دیگر اہم نکات سے لوگوں کی توجہ ہٹاکر، ذات اوردھرم کے نام پر بانٹ کر ،اس ملک کی گنگاجمنی تہذیب کو پامال کرنا چاہتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار سنگھوارہ بلاک حلقہ کے گھوڑ دوڑ چوک بازار احاطہ میں منعقد سنویدھان بچاو ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظر عالم نے کہی ۔ ریلی کی صدارت آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظر عالم نے کی جبکہ نظامت کے فرائض پرنس راج نے بخوبی انجام دیا۔ اس موقع پر منعقد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نظرعالم نے کہا کہ اس ملک کو آزاد کرانے میں ہندوؤں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں نے بھی اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا تھا ،آج ملک کی موجودہ سرکار ہمیں سے ہندوستانی ہونے کا ثبوت مانگتی ہے۔ انھوں نے پر جوش لہجہ میں کہا کہ اب اس ملک میں ایک کاغذ کا ٹکڑا یہ ثابت کرے گا کہ ہم ہندوستانی ہیں یا نہیں۔ نظرعالم نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے کہ سینکڑوں انسانوں کا قاتل امت شاہ اس ملک کا وزیر داخلہ بنا ہوا ہے ۔اور ہزاروں انسانیت کا دشمن یوپی کا وزیر اعلی بنا ہوا ہے۔ وہ کون ایسے دفعات ہیں جو یوپی کے وزیر اعلی پر نہیں لگے ہوئے ہیں ،باوجود اس کے وہ وزیر اعلی کی کرسی پر بیٹھا ہوا ہے۔ یوگی حکومت کی پولس نے جس طرح اپنے حق حقوق کی بازیابی کیلئے پرامن مظاہرہ کررہے مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے وہ ناقابل معافی جرم ہے ،اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ اس کے علاوہ اکرم صدیقی نے بھی مرکزی و صوبائی حکومتوں پر جم کر نشانہ سادھا ۔انھوں نے کہا کہ مودی امت شاہ کی جوڑی ہٹ دھرمی پر تلی ہوئی ہے لیکن ملک کی عوام نے بھی کمر کس لی ہے کہ وہ اس جھوٹے مکار وزیراعظم اور جملہ باز وزیر داخلہ امت شاہ کے غرور کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔وہ کسی بھی قیمت پر ہندو مسلم اتحاد کا پارہ پارہ نہیں ہونے دیں گے آج پورا ملک اس کالے قانون کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج بنا ہوا ہے اور یہ نکمی سرکار رنگ ریلیاں منانے میں لگی ہوئی ہے۔ جلسہ سے بدرالہدی خان،سید تنویر انور،صبا پروین،نازیہ حسن، رام بابو ساہ وغیرہ نے خطاب کیا جبکہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے والوں میں سبحان خان، ستار خان، رازق حسین وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں پروگرام میں بھپورہ کے سمیتی ممبر ارشد مرغوب، ایس ایم ضیاء، محمد الطاف سمیت کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔