ملک کا آئین کثرت میں وحدت کی گارنٹی دیتا ہے: نقوی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-Jan-2020

لکھنؤ:(یواین آئی) اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے جمعہ کو کہا کہ ملک کا دستوری وفاقی سسٹم کثرت میں وحدت کی گارنٹی دیتا ہے۔سی پی اے انڈیا ریجن کے ساتویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرنقوی نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہندوستانی دستور کا آرٹیکل 105 پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے اختیارات اورخصوصی اختیارات کو واضح کرتا ہے تو وہیں آرٹیکل 51اے ہندوستانی شہریوں کے بنیادی فرائض کی بات کرتا ہے۔مسٹر نقوی نے کہا کہ دستور میں دئیے گئے حقوق کی حصولیابی کے لئے معاون ماحول اسی وقت تیار ہوسکتا ہے جبکہ ہر شہری اپنے فرائض کی ادائیگی کرے گا۔اور عوامی نمائندوں کو اس ضمن میں عوام الناس کے لئے مشعل راہ ہونا چاہئے۔ہمارا ملک نہ صرف سب سی بڑی جمہوریت کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آیا ہے بلکہ ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ حقوق اور ذمہ داریاں ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں اور دونوں ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ اگر ہمیں حقوق حاصل ہیں تو ہم پر کچھ ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں اور وہ انہیں حقوق سے منسلک ہیں۔ہم جہاں کہیں بھی رہ رہے ہوں خواہ وہ گھر ہو،سماج،گاؤں،ریاست اور ملک ہو حقوق اور ذمہ داریاں ہمارے ساتھ چلتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا ایک اچھا شہری ہونے کے ناطے ہمیں اپنے بینادی حقوق،فرائض کو جاننے اور ملک و سماج کی فلاح وبہبود کے لئے انہیں اپنی روز مرہ کی زندگی میں جزو لاینفک کی حیثیت سےنافذ کرنے کی ضرور ت ہے۔