ملک کے حالات کے پیش نظر ووٹر کارڈ بنوانے کیلئے لوگوں کی بھیڑ امڈی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-Jan-2020

دیوبند (دانیال خان) ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر سی اے اے ،این آر سی و این پی آر کو لیکر لوگوں میں اتنا ڈر اور خوف کا ماحول بنا ہوا ہے،خاص طور پر مسلم طبقہ کے لوگ اپنے دستاویز درست کرانے کیلئے بھاگ دوڑ میں کوئی کمی نہیں چھوڑ رہے ہیں ،دیوبند میں معاملہ حالانکہ نئے ووٹ بنوانے و نام اور ایڈریس میں کسی خامی کو درست کرا نے کا تھا لیکن اس پر بھی دیوبند کے مختلف اسکولوں میں لوگوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئی جن میں سب سے زیادہ مسلم سماج کے لوگ ہی نظر آئے ،الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ہدایت پر رائے دہندگان کو ووٹر نظر ثانی پروگرام کے تحت نئے ووٹر بنانے ،ووٹر لسٹ سے نام ہٹوانے و ترمیم کرانے کیلئے فارم نمبر 6/7/8کو پر کرائے جانے کا جوش ووٹروں میں دیکھنے کو ملا تاہم تشہیر نہ ہونے کے سبب بہت سے ووٹروں کو کیمپ کے متعلق معلومات حاصل نہیں ہوئی لیکن جیسے جیسے ایک دوسرے سے لوگوں کو کیمپ کی خبر ملی تو وہ اپنے کاموں کو چھوڑ کر ووٹنگ بوتھوں میں آنا شروع ہو گئے ۔اس دوران دیوبند اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والے تمام 388 بوتھ پرایس ڈی ایم راکیش کمار اور تحصیلدار آشوتوش کمار نے پہنچ کر بی ایل او کی موجود گی کی جانچ کی اور بی ایل او کو ہدایت کی کہ وہ ووٹرلسٹوں پر نظر ثانی کا کام بروقت مکمل کریں۔ تحصیلدار آشوتوش نے بتایا کہ دیو بند اسمبلی نمبر 5 کے تمام 388 بوتھ میں ووٹر رنظر ثانی ڈے منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی کیمپ میں نئے ووٹرز بنا نے ، ناموں کی غلطیوں کو دور کرنے اور ووٹر لسٹوں سے ناموں کو دوسرے مقامات پر منتقل کر نے کیلئے فارم 6 ، 7 اور 8 جمع کرائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام بی ایل اوز کو فارم دیئے جائیںگے۔ 22 جنوری تک ووٹرنئے ووٹ بنوانے یا و ووٹر کارڈ میں خامی سے متعلق فارم تحصیل ،بلاک و نگر پالیکا میں جمع کرا سکتے ہیں ۔