ممتا شہریت قانون کے خلاف دھرنے میں شامل ہوئیں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-Jan-2020

کلکتہ،(یو این آئی)وزیرا علیٰ ممتا بنرجی آج شام ایک بار پھر ترنمول چھاتر پریشد کے احتجاج میں پہنچیں اور شہریت ترمیمی ایکٹ، این آر سی اور این آرپی کے خلاف جدو جہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اس موقع پر کہا کہ بنگال ہی ہندوستان کی واحد ریاست ہے جہاں 50لاکھ افراد گنگا اشنان کیلئے ساگر جزیرہ میں آتے ہیں اور ایک بھی حادثہ نہیں ہوتا ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ 40ہزار افراد کا گزشتہ کئی دنوں کے درمیان علاج کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ خوشی کی بات یہ ہے کہ 40بچوں کی ولادت ہوئی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنگال کو بدنام کرنے والوں کیلئے یہ سبق ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے رانی راش منی روڈ پر ترنمول کانگریس کے چھاتر پریشد کے ممبران شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ جب تک اس بل کو واپس نہیں لیا جاتا ہے اس وقت تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔