وزارت صحت نے نوول کورونا وائرس کے سلسلے میں تیاری کاجائزہ لیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-Jan-2020

نئی دہلی،(یواین آئی) صحت اور خاندانی فلاح بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نوول کورونا وائرس(این سی او وی) کے 41 مصدقہ کیسوں کی رپورٹوں کے بعد صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں چین کے شہر ووہان میں 5 جنوری 2020 کو ایک شخص کی موت ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔عالمی صحت تنظیم ڈبلیو ایچ او کے مطابق صورتحال ابھی پوری طرح واضح نہیں ہے اور ابتدائی تحقیقات سے اس کا سلسلہ فوڈ مارکیٹ سے ہونے کا اندازہ ہوا ہے۔ کورونا وائرس دراصل وائرسوں کی مجموعی فیملی سے تعلق رکھتا ہے جو لوگوں کو بیمار ی ڈال دیتا ہے اور یہ وائرس اونٹوں، بلیوں اور چمگارڈروں سمیت جانوروں میں پھیلتا ہے۔کبھی کبھی جانوروں میں پھیلنے والا کورونا وائرس انسانوں کو بھی متاثر کردیتا ہے۔ہندوستانی سرکار کی صحت اور خاندانی فلاح وبہبود کی وزارت میں سکریٹری محترمہ پریتی سودن اس وائرس کے پھیلنے کی خبر کے بعد سے ملک میں لوگوں کی صحت کے بارے میں تیاری کا برابر جائزہ لے رہی ہیں۔وزارت صحت کی ہدایت کے مطابق8 اور 15 جنوری 2020 کو صحت خدمات کے ڈائریکٹر جنرل( ڈی جی ایچ ایس) کی صدارت میں مشترکہ جائزہ گروپ(جے ایم جی) کی میٹنگیں بلائی گئیں۔ اس میں محتلف ساجھے داروں(صحت اور غیر صحت کے سیکٹروں) اورڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی۔محترمہ پریتی سودن نے بتایا‘‘ عوامی صحت کی تیاری کے سلسلے میں روزمرہ کی بنیاد پر جائزہ لیاجارہا ہے اور ملک میں این سی او وی کے پھیلاؤ کا بروقت پتہ چلانے اور اس کا بندوبست کرنے کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنایا جارہا ہے’’۔