کالا قانون: لڑائی آر پار کی ہے،لوگ سڑکوں پر نکل جائیں : نظرعالم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-Jan-2020

دربھنگہ :(عبد المتین قاسمی ) سنویدھان بچاؤ مورچہ کے زیر اہتمام جاری بلاک سطحی اجلاس کے دوسرے دن کیوٹی بلاک کے اسراہا واقع مدرسہ کنیزیہ میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا ۔جلسہ کی صدارت مکھیا خاوند اسراہا محمد خورشید عالم نے کی۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا بیداری کارواں کے قومی صدر نظر عالم نے کہا کہ اب لڑائی ہمارے وجود کی ہوچلی ہے، اب کس کا انتظار ہے ۔کوئی سیاسی رہبر آپ کی مدد کیلئے نہیں آنے والا ہے۔ مرکزی حکومت نے سیاہ قانون کو گزٹ کے ذریعہ نفاذ میں لا دیا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ آئین کی حفاظت کے لئے ہم لوگ گھروں کو چھوڑ کر سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں ۔ملحوظ رہے کہ ایک لمبے عرصے سے ہماری خواتین سیاہ قانون کے خلاف شاہین باغ دہلی میں پوری قوت کے ساتھ نبردآزما ہے اور ان کی اس بہادری سے متاثر ہو کر کلکتہ پٹنہ سمستی پور جیسی جگہوں پر ہماری بیٹیوں ماؤں اور بہنوں نے احتجاج شروع کیا ہے آج ہم لوگ آپ کو بیدار کرنے آئے ہیں ہم لوگ اپنی شہریت ثابت کرنے کے لئے کوئی کاغذات پیش نہیں کریں گے ۔ہم پوری طرح ایسے سیاہ قانون کو خارج کرتے ہیں۔اس موقع پر سماجی کارکن اکرم صدیقی نے کہا کہ آپ لوگوں کا احتجاج خود کے لئے نہیں بلکہ یہاں کے آئین کو بچانے اور دلت مہا دلت کے حقوق کو بحال رکھنے کے لئے ہے ،جو ابھی اس لڑائی کو نہیں سمجھ رہے ہیں وہ مکار ہیں۔ حکومت نے انہیں اپنے جال میں پھانس رکھا ہے لیکن آپ کے احتجاج سے اس قانون کو رد کرناہوگا اور آپ کی فتح یقینی ہے ۔ جلسہ سے خطاب کرنے والوں میں سندیپ کمار چودھری، پرنس راج، مطیع الرحمن، دھرمیش یادو، شرد کمار سنگھ، مینک کمار یادو، صبا پروین، انیس الرحمن، ڈبلو خان، عبدالقدوس ساگر، ہمایوں شیخ، سرپنچ لوام، محمد توقیر پیکس صدر، اسراہا، محمد نوشاد، علی خان، غیاث الدین، عوامی خدمت گار محمد بھولا، تبریز عالم، محمد گڈو جلوارہ وغیرہم کے نام قابل ذکر ہیں – پروگرام کی نظامت انجینئر فخرالدین قمر نے بخوبی انجام دیا ۔وہیں انقلابی نوجوانوں نے انقلاب کا گیت گا کر لوگوں کو جذباتی کر دیا۔پروگرام کے کنوینر ایڈوکیٹ سیف الاسلام نے لوگوں کا شکریہ اداکیا۔