درخواست دینے والے ہر کشمیری طالب علم کو اسکالرشپ دی جائےگی: نقوی

Taasir Hindi News Network | Uploaded on 22-Jan-2020

سری نگر، (یو این آئی) مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ ماضی میں مرکز کی طرف سے جموں کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے بھیجی گئی بھاری رقومات مخصوص لوگوں کی نذر ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ امسال جموں کشمیر میں اسکالرشپ فارم جمع کرنے والے تمام طلبا کو اسکالر شپ دی جائے گی۔موصوف وزیر مرکزی حکومت کی جموں وکشمیر میں جاری عوامی رابطہ مہم کے تحت منگل کے روز وارد وادی ہوئے اور سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہارون میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح یا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ ایک عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا۔عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مختار عباس نقوی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ماضی میں جموں کشمیر کی ترقی کے لئے بھیجی گئی بھاری رقومات کچھ مخصوص لوگوں کے نذر ہی ہوئے۔ان کا کہنا تھا: ‘یہاں رشوت کی بیماری بہت تھی۔ ایسا نہیں تھا کہ مرکز سے یہاں پیسے نہیں آتے تھے، مرکز نے جموں کشمیر کی ترقی کے لئے اربوں کھربوں روپے بھیجے لیکن وہ کچھ مخصوص لوگوں کی ہی نذر ہوجاتے تھے جس سے یہاں کے عوام کو فائدہ نہیں مل گیا۔موصوف مرکزی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جموں کشمیر کے لئے بھیجا جانے والا ہر پیسہ یہاں کی تعمیر وترقی پر صرف ہوجائے۔نقوی نے کہا کہ امسال جموں کشمیر میں اسکالر شپ فارم جمع کرنے والے تمام طلبا کو اسکالرشپ دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا: ‘پسماندہ طبقوں سے وابستہ طلبا کو اور بھی محکمے اسکالر شپ دیتے ہیں اور میری وزارت بھی دیتی ہے۔ امسال جتنے بھی بچے اور بچیاں اسکالر شپ فارم جمع کریں گے ان سب کو اسکالر شپ دی جائے گی، اس سال کوئی بھی طالب علم اسکالر شپ سے محروم نہیں رہے گا۔واضح رہے کہ وزارت برائے اقلیتی امور نے 17 جنوری کو مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر اور لداخ کے طلبا کے لئے پری اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپ اسکیموں کی آخری تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کرکے 31 جنوری آخری تاریخ مقرر کردی۔