جمعیۃ علماء ہند کی مجلس منتظمہ کا اجلاس ممبئی میں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-Feb-2020

ممبئی (پریس ریلیز)ملک کی مؤقر اور فعال تنظیم جمعیۃ علماء ہند نے اپنی مجلس منتظمہ (جنرل باڈی) کی میٹنگ ممبئی شہر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اورا س موقع پر ایک عوامی جلسہ بھی آزاد میدان میں رکھا گیا ہے،جس میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم کے علاوہ مختلف مذاہب کے سیکولر دانشوروں کی تقریریں ہوں گی ۔عروس البلاد ممبئی کے وسیع و عریض تاریخی آزادمیدان میں 23؍فروری 2020بروز اتوارشام 5؍ بجے تا 10؍ بجے شب یہ جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جس میں جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی ادام اللہ فیوضہم صدر جمعیۃعلماء ہند کا خصوصی خطاب ہوگا۔ یہ جلسہ عام ملک کے حالات کے پیش نظر مسلمانان ِ ہند اور باشندگان ملک دونوں کیلئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ جلسہ کی تیاری اور انتظامی امور کے سلسلہ میں ایک مشاورتی نشست زیر صدارت مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر منعقد کی گئی ، جس میں ممبئی و اطراف کے جمعیۃعلماء کے متحرک اور فعال کارکنان اور نمایاں اداروں کے ذمہ داروں نے شرکت کی ۔اس اہم میٹنگ میں مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے بتایا کہ جمعیۃعلماء ہند کے جلسہ عام کی ابتدائی کارروائی پرمیشن وغیرہ حاصل کرلیا گیا ہے ۔مجلس منتظمہ اور جلسہ عام میںخاصی تعداد میں والینٹیر اور رضا کار کی ضرورت ہے،اس کے لئے مقامی جمعیۃ اور مدارس کے ذمہ داروں نے افراد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ جمعیۃ علماء ہند کے اجلاس مجلس منتظمہ کیلئے استقبالیہ کمیٹی بنائی گئی جس کا صدر الحاج بشیر موسیٰ پٹیل سابق ایم ایل اے و چیئر مین محمد صابو صدیق مسافر خانہ ،کرافورڈ مارکیٹ ،ممبئی کو بنایا گیا۔واضح رہے کہ اس جلسہ عام کی دعوت دینے کیلئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ایک وفد نے صدر مجلس استقبالیہ الحاج بشیر موسیٰ پٹیل کی قیادت میں مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ سے منترالیہ میں ملاقات کی ،نیز اجیت داداپوا ر نائب وزیر اعلیٰ حکومت مہاراشٹر، نواب ملک وزیربرائے اقلیتی امور حکومت مہاراشٹر اور جیتندر اوہاڑ وزیر برائے ہائوسنگ حکومت مہاراشٹرکو مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی۔اس وفد میں مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر، مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری ،مفتی محمد یوسف قاسمی خازن ،مولانا عبد القیوم قاسمی ناظم نشر و اشاعت ،مولانا معراج الحق قاسمی آرگنائزر جمعیۃعلماء مہاراشٹر اور مولانا منصو ر احمد قاسمی (رکن کاجو پاڑہ)حافظ علائو الدین (استاد دار العلوم امدادیہ ،ممبئی )وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ مشاورتی میٹنگ کا آغاز مولانا محمد اسلم قاسمی (ملاڈ ) کی تلاوت کلام پاک سے ہوااور اختتام مفتی محمد اسماعیل قاسمی (صدر جمعیۃ علماء شہر مالیگائوں و ایم ایل اے) کی دعا پر ہوا ۔اس میٹنگ میں ممبئی ،تھانے و پالگھر کی مقامی یونٹوں کے صدور و نظماء اعلیٰ اور ناسک،مالیگائوں اور دھولیہ کے جمعیۃعلماء کے ذمہ داروں نے شرکت کی ۔