راج ناتھ سنگھ نے بالاکوٹ فضائی حملے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر فضائیہ کو کیا سلام

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 27-Feb-2020

نئی دہلی، ( یواین آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بالاکوٹ فضائی حملے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر بدھ کے روز فضائیہ کی بہادری کو سلام کیا اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے ہندوستان کے طریقوں میں تبدیلی لانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر سنگھ نے ٹویٹ کیا’’ ہندوستان آج بالاکوٹ فضائی حملے کی پہلی سالگرہ منا رہا ہے ۔ فضائیہ کے بہادر جوانوں کی یہ ایک کامیاب دہشت گردی مخالف مہم تھی۔بالاکوٹ فضائی حملے کی کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف اپنی مضبوط قوت ارادی کو واضح طور پر ثابت کیا ہے ۔انہوں نے کہا’’ میں فضائیہ کو بالاکوٹ فضائی حملے کے دوران غیر معمولی بہادری اور جرات کے لئے سلام کرتا ہوں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی ہماری حکومت نے سابق حکومتوں سے مختلف نقطہ نظر اپنایا ہے ۔ اب ہم دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی حفاظت کے لئے سرحد پار کرنے میں تامل نہیں کرتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا’’ میں دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے نقطہ نظر اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے ہمارے طریقوں میں تبدیلی لانے کے لئے مسٹر مودی كا شکریہ کرتا ہوں ۔ یہ یقینی طور پر ایک نیا اور جوش سے بھرا ہندوستا ن ہے ‘‘ ۔واضح ر ہے کہ فضائیہ نے گزشتہ سال آج ہی کے دن پاکستان کے بالاکوٹ میں گھس کر دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کیا تھا۔