سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان میٹرک امتحان آج سے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-Feb-2020

پٹنہ، (اسٹاف رپورٹر) ریاست میں میٹرک امتحان کل سے شروع ہورہا ہے۔ بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ نے امتحان کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ کل سے2 سیٹنگ میں سائنس سبجیکٹ کے امتحان کے ساتھ ریاست کے سبھی 38 ضلعوں میں 1368 امتحان مراکز پر امتحان شروع ہوگا۔ کل 15 لاکھ 29 ہزار 393 طلبا وطالبات نے فارم بھرا ہے۔ تیاری کے سلسلے میں بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے آج بتایا کہ صاف ستھرے ، نقل سے پاک اور سختی کے ساتھ امتحان منعقد کرانے کیلئے بورڈ نے سبھی ضلعوں کے ڈی ایم ، ایس پی ، ڈی ای او کو ہدایت دے دی ہے۔ کل پہلے دن 9.30 بجےسے 12.15 بجے تک دوسری سیٹنگ میں 1.45 سے 4.30 بجے تک امتحان منعقد ہوگا۔ واضح ہو کہ میٹرک امتحان کیلئے پٹنہ میں کل 74 سنٹر بنائے گئے ہیں۔ جس میں 69175 امتحان دہندگان شامل ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی ضلعوں میں 4-4 ماڈل سنٹر بنائے گئے ہیں۔ پٹنہ میں بانکی پور گرلس ہائی اسکول، گرلس ہائی اسکول شاشتری نگر، گرلس ہائی اسکول گردنی باغ اور کملا نہرو گرلس ہائی اسکول یار پور گردنی باغ کو ماڈل سنٹر بنایاگیا ہے۔ امتحان دہندگان کو جوابی کاپی اور او ایم آر اینسر شیٹ ایک ہی ساتھ دئے جائیں گے لیکن او ایم آر اینسر شیٹ کو انویجلیٹر کے ذریعہ سیٹنگ کے اعتبار سے امتحان دہندگان کو ایسے واپس لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سبھی سیٹنگ میں 15 منٹ کا اضافی وقت امتحان دہندگان کو سوالات کو پڑھنے اور سمجھنے کیلئے دیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امتحان دہندگان کو جوتا موزہ پہن کر سنٹر میں داخل ہونا ممنوع رہے گا۔ اس کے مطابق چپل پہن کر ہی امتحان دہندگان ہال میں جاسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرک امتحان میں پہلی بار ایسا نظم کیا جارہا ہے کہ اینسر شیٹ اور او ایم آر شیٹ پر امتحان دہندگان کی تصویر اس کے نام کے ساتھ رول کوڈ، رول نمبر، سبجیکٹ کوڈ، سبجیکٹ کانام، سیٹنگ، رجسٹریشن نمبر اور امتحان کی تاریخ پری پرنٹیڈ رہے گی۔ بورڈ کے ذریعہ پہلی بار سالانہ میٹرک امتحان 2020 میں سبھی سبجیکٹوں میں پوچھے جانے والے 50% آبجیکٹیو سوالوں میں 20% سوالوں کے متبادل دئے جائیں گے۔ یعنی 100 نمبر کے امتحان میں کل 60 آبجیکٹیو سوال رہیں گے جس میں سے طلبا کوکسی 50 سوالوں کو حل کرنا ہوگا۔