سیاست سیاست

سیاست کے لیے بی جے پی فوجیوں کا استعمال کرتی ہے : کانگریس

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-Feb-2020

نئی دہلی،(یو این آئی) کانگریس نے الزام عائد کیاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) الیکشن کے وقت فوجیوں کی شجاعت، شہادت اور بہادری کا استعمال کرتی ہے اور پھر انھیں بھول جاتی ہے لہذا پلوامہ کے شہیدوں کے لواحقین ایک سال بعد بھی در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان جے ویر شیر گل نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے کہا کہ بی جے پی فوج اور ان کی بہادری اور قربانی کا سیاسی مفاد کے لیے استعمال کرنا جانتی ہے۔ انتخابات کے وقت اور اس کے بعد فوجیوں کے تئیں اس کا رویہ بدل جاتا ہے۔ انتخابات کے وقت بی جے پی کہتی ہے’ہم ہیں ساتھ ساتھ‘ اور انتخابات ختم ہونے کے بعد کہتی ہے’ہم آپ كے کون؟‘مسٹر شیرگل نے کہا کہ کس طرح سے بی جے پی فوجیوں کی شہادت کو بھلا دیتی ہے، اس کی مثال پلوامہ میں شہید ہونے والے فوجی کی بیوہ سنجو دیوی ہیں جو حکومت سے پوچھ رہی ہیں کہ اس نے ایک سال پہلے متاثرہ خاندان کو 25 لاکھ روپے اور نوکری دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک یہ وعدہ پورا نہیں کیا۔ اسی طرح کا دوسری مثال کوشل کمار راوت کی بیوی ہیں، جن کا کہنا ہے کہ شہادت کے بعد جب ان کے شوہر کی چتا جل رہی تھی تو تصویر کشی کے لیے بی جے پی کے کئی اہم رہنما پہنچ گئے تھے اور کئی وعدے کیےتھے لیکن اب ایک سال ہو گیا ہے ، اب تک انہیں نہ تو 25 لاکھ روپے ملے اور نہ ہی نوکری ملی ہے۔ترجمان نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی شہیدوں کے اہل خانہ کی پکار نہیں سن رہی ہے۔ فوجیوں کے تئیں بی جے پی کا اصول ہے کہ فوجیوں کا استعمال کرو اور اس کے بعد انہیں ان کے حال پر چھوڑ دو۔

About the author

Taasir Newspaper