سیاست سیاست

فصلوں کی پیداوار بڑھائیں سائنسدان ، غذا ئی تحفظ بھی یقینی بنائیں : نائیڈو

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-Feb-2020

نئی دہلی،( یواین آئی) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کو خوراک اور غذائی تحفظ فراہم کرنے کے لئے غذائیت سے بھرپور فصلوں کی پیداوار بڑھانے پر زور دیا ہے۔مسٹر نائیڈو نے جمعہ کے انڈٰین ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے پوسٹ گریجویٹ اسکول کے جلسۂ تقسیم اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زراعت کے شعبے میں سائنسدانوں کی جانب سے کی جا رہی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ سنہ 1949-50 کے دوران ملک میں اناج کی پیداوار پانچ کروڑ ٹن سے کچھ ہی زیادہ تھی جو اب بڑھ کر 28 کروڑ ٹن سے زیادہ ہو گئی ہے ۔ گندم کی پیداوار 10 کروڑ ٹن اور دھان کی پیداوار 10 کروڑ 15 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ اناج کی پیداوار کے باوجود ملک میں خوراک کی قلت اور قلت تغذیہ کے مسائل در پیش ہیں، جو تشویشناک ہیں۔ خوراک کے تحفظ کے ساتھ ساتھ غذا ئی تحفظ بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اناجوں میں پروٹین اور وٹامن کی مقدار بڑھانی ہوگی۔انہوں نے فصلوں کی کم پیداوار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے سے ملک ویت نام میں ہندوستان سے دھان گیا تھا جس کی پیداوردیکھیں یہاں کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہے ۔مسٹر نائيڈو نے کہا کہ نہ صرف ملک بلکہ دنیا میں غذائی تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ہندوستان بڑی آبادی والا ملک ہے جو اناج کے لئے درآمد پر منحصر نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں زراعت سے متعلق مسائل پر پارلیمنٹ میں حسب ضرورت بحث بھی نہیں کرتیں۔انہوں نے نوجوان نسل کے موجودہ طرز زندگی میں تبدیلی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی عادت ایسی ہونی چاہیے جس میں سبھی طرح کے اناجوں کو استعمال ہو جس سے جسم کی تغذیہ کی ضروریات پوری ہوسکے اور جسم صحت مند بن سکے۔

About the author

Taasir Newspaper