اپنی پسند کا لباس پہننے کی شرط پر فلموں میں کام کی حامی بھری، وحیدہ رحمان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-Feb-2020

ممبئی ،گذشتہ دنوں اداکارہ وحیدہ رحمان نے اپنا 82 واں یوم پیدائش منایا اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے دل کھول کر انہیں جنم دن کی مبارکباد دی۔وحیدہ رحمان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کو گرودت فلموں میں لائے تھے اور وہ وحیدہ پر جان نثار کرتے تھے لیکن شاید وہ دونوں شادی اس لیے نہ کر سکے کیونکہ گرودت پہلے سے ہی شادی شدہ تھے۔بہت سے لوگ گرودت کی قبل از وقت موت کی وجہ وحیدہ رحمان کو کہتے ہیں لیکن دراصل یہ ازدواجی کشمکش کا نتیجہ تھا۔بہر حال کہا جاتا ہے کہ گرودت اور وحیدہ رحمان کا ملنا ایک حادثے کا نتیجہ تھا۔ گرودت کو کار حادثے کی وجہ سے حیدرآباد میں کئی روز تک رکنا پڑا جہاں انہوں نے ایک تھیئٹر میں وحیدہ رحمان کا رقص دیکھا تھا۔ایک فلم میں انہیں جب ایک مخصوص لڑکی کے کردار کی ضرورت پیش آئی تو ان کو وحیدہ رحمان یاد آئیں اور انہوں نے رابطہ کیا اور ’سی آئی ڈی‘ فلم میں انہیں متعارف کرایا۔وحیدہ رحمان گرودت کو اپنا مینٹر یعنی استاد مانتی ہیں۔وحیدہ رحمان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ گرودت کے ساتھ انہوں نے کئی فلموں کے لیے ایک معاہدہ کیا تھا اور انہوں نے گرودت کے ساتھ صرف ایک شرط رکھی تھی اور وہ تھی کہ وہ کسی بھی کردار کے لیے ’لباس اپنی پسند کے پہنیں گی۔‘اور پھر دنیا نے دیکھا کہ وحیدہ رحمان نے کبھی مبینہ عریانیت کو قبول نہیں کیا۔انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کبھی بھی کوئی بغیر بازو والے کپڑے نہیں پہنے اور عام طور پر ان کے بلاؤز کے بازو بھی لمبے ہوا کرتے تھے۔وحیدہ رحمان کی پیدائش جنوبی ریاست تمل ناڈو میں 3 فروری 1938 میں ہوئی تھی۔ انہوں نے ہندی کے علاوہ تمل، تیلگو، بنگالی اور ملیالم فلموں میں بھی کام کیا۔گرودت کے ساتھ ان کی فلمیں بہت زیادہ کامیاب رہیں اور فلم انڈسٹری میں سنگ میل تصور کی جاتی ہیں۔ انہیں ان کی اداکاری کے لیے متعدد ایوارڈز دیے گئے ہیں جن میں نیشنل ایوارڈ کے ساتھ فلم فیئر ایوارڈز بھی شامل ہیں۔گذشتہ روز بھی انہیں ممبئی میں مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے گرانقدر کشور کمار ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔اپنے کیرئیر میں انہیں بولی وڈ کی خوبصورت ترین اداکاراؤں میں ہمیشہ شمار کیا گیا ہے۔ ان کی یاد گار فلموں میں گائیڈ، نیل کمل، خاموشی، رام اور شیام کے علاوہ ریشما شیرا، دل دیا درد لیا، اور آدمی وغیرہ شامل ہیں۔