برائن لارا اور اسٹیو واہاشم آملہ کے پسندیدہ کھلاڑی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-Feb-2020

کراچی ،( یو این آئی )جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہاشم آملہ نے ویسٹ انڈیز کے بلے باز برائن لارا اور آسٹریلیا کے اسٹیو وا کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا ہے ۔جبکہ سابق مایہ ناز بلے باز نے سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن کو بہترین اسپنر قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں شان ٹیٹ سے تیز گیند باز کا سامنا نہیں کیا۔ پاکستان میں پاکستان سپر لیگ کے موقع پر اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے کھیل میں کور ڈرائیو ان کا پسندیدہ شاٹ ہے ۔آملہ نے ایک سوال کے جواب میں اوول میں کی گئی ٹرپل سنچری اور پرتھ میں کی گئی سنچری دونوں کو پسندیدہ اننگز قرار د یا ۔آملہ نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے چند سال انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے اور اس تجربے کو نوجوانوں تک منتقل کرنا ہی سب سے اہم چیز ہے۔میں بیٹنگ سمیت دنیا بھر میں کرکٹ کے بارے میں بات کر کے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ نوجوانوں کے ساتھ اچھا وقت گزرے گا۔پشاور زلمی کی ٹیم کے بیٹنگ مینٹر اور کرکٹر ہاشم آملہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے لیے زلمی کا حصہ بننے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے ٹیم کی بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ 2 سال قبل ورلڈ الیون کی ٹیم کے ہمراہ پاکستان آیا تھا اور ہم پاکستان کے ساتھ ٹی20 سیریز کھیلی تھی اور اب دو سال بعد واپس آیا ہوں ۔انٹرنیشنل کرکٹ میں 18 ہزار سے زائد رنز بنانے والے بلے باز نےپاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بہت سی اہم ٹپس دی ہیں۔ اس موقع پر کامران اکمل نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں ہاشم آملہ جیسے لیجنڈ کی موجودگی سے نہ صرف نوجوانوں بلکہ سنیئر کھلاڑیوں پر بھی بہت فرق پڑتا ہے، ان سے پہلے یونس خان تھے، مصباح الحق تھے، انہوں نے بھی کھلاڑیوں کی کافی رہنمائی کی ۔جب کامران اکمل سے پوچھا کہ انہوں نے اب تک ہاشم آملہ سے کیا کچھ سیکھا تو وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ ہاشم آملہ کا اسکل ورک اور بیٹنگ اسٹائل دیکھا ساتھ ساتھ جنوبی افریقی لیجنڈ نے یہ بتایا کہ نئی گیند کیسے کھیلنی ہے، ابتدائی چھ اوور کیسے گزارنے اور اننگز کیسے بنانی ہے۔