بنگلہ بولنے والے مسلمانوں کو بنگلہ دیسی قرار نہیں دیاجاسکتا: طارق انور

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-Feb-2020

پٹنہ:شہریت قانون اور این آر سی کے معاملے پر سیاست کے بیچ کانگریس لیڈر طارق انور نے ایک بار پھر بنگلہ دیسی دراندازوں کے معاملے پر اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بنگلہ بولنے والے مسلمانوں کو بنگلہ دیسی بتانا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ 80 کے دہائی سے ہی اے بی وی پی کی جانب سے تحریک چلائی گئی تھی۔ کٹیہار میں 30ہزارایسے لوگوں کو بنگلہ دیسی بتاکر جانچ کرانے کے لئے تحریک چلائی گئی تھی۔ صرف بنگلہ زبان بولنے کی وجہ سے کوئی بنگلہ دیسی نہیں ہوجاتاہے۔ جناب طارق انورنے کہا کہ آج بھی ہزاروں لوگ ویسے مسلمان ہیں جو اس علاقے میں بنگلہ بولتے ہیں۔ لیکن اسے بنگلہ دیسی قرار نہیں دیاجاسکتاہے۔ مظفرپور میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے طارق انور اور کانگریس کے کارگذار صدر شیام سندر سنگھ دھیرج نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ بہار میں کانگریس لیڈر گھوم گھوم کر لوگوں کے بیچ ان کی تحریک کی حمایت کریں گے۔ مذہب کی بنیاد پر لائے گئے شہریت قانون کی بھی پارٹی مخالفت کرتی رہے گی۔