سچ چھپاتی ہے مودی حکومت:کانگریس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-Feb-2020

نئی دہلی،(یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت ہمیشہ سچ چھپانے کی کوشش کرتی ہے اور اس مرتبہ معاشی اعدادوشمار سے جڑے ثبوت چھپانے کے ساتھ ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان دورے کے دوران راستے میں پڑنے والی غریبوں کی جھونپڑی چھپانے کے لئے دیوار بنا رہی ہے۔کانگریس ترجمان گورو بلبھ نےمنگل کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ حکومت سچائی کو کبھی قبول نہیں کرتی ہے اور وہ سب کچھ چھپانا چاہتی ہے۔حکومت برابر غلط اعدادوشمار دے کر سچائی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے لیکن سچائی زمین پر ہوتی ہے جسے پوشیدہ نہیں رکھا جاسکتا۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت میں بیٹھے لوگوں کےلئے آنکھ مچولی پسندیدہ کھیل بن گیا ہے۔ یہ کھیل ان دنوں سرخیوں میں ہے کیونکہ ملک میں 40 برس میں سب سے کم کھپت دیکھنے کو مل رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں بے روزگاری کے اعدادوشمار چھپایا گیا، لوگوں کی آمدنی میں 9 برسوں میں سب سے کم اضافہ ہوا ہے اور یہ اعدادوشماور بھی پوشیدہ رکھا جارہا ہے۔ ملک کے شہریوں کی 40 برسوں میں پہلی مرتبہ کھپت میں کمی آئی ہے اور اگر کھپت میں کمی ہے تو اس کا براہ راست مطلب ہے کہ ملک میں غربت میں اضافہ ہوا ہے۔حکومت خود کہہ رہی ہے کہ مہنگائی میں اضافہ ہوگیا ہے اور پیداوار میں کمی آرہی ہے۔ لوگ پہلے کے مقابلے میں اب کم خرید رہے ہیں۔یہ سچائی ہے جو کسی ڈاٹا سے زیادہ واضح ہے اور زمینی حقیقت بیان کررہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ حکومت صرف معاشی ڈاٹا ہی نہیں چھپارہی ہے بلکہ وہ غریبی پربھی پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے اوراس کی تازہ مثال گجرات کا احمدآباد بن گیا ہے جہاں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ہندوستان دورے کے دوران ’نمستے ٹرمپ پروگرام‘ منعقد کیا جانا ہے۔