ہندوستان منشیات کی ناجائز تجارت کو برداشت نہیں کرے گا : شاہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-Feb-2020

نئی دہلی،(یواین آئی )مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج یہاں منشیات کے ناجائز کاروبار سے نمٹنے کے سلسلے میں دو روزہ بمسٹیک کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اپنی سرحدوں کے اندر منشیات کی ناجائز تجارت کی قطعی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے اس اہم کانفرنس کا اہتمام کرنے کےلئے نارکوٹکس کنٹرول بیورو این سی بی کو مبارکباد دی اور بنگلہ دیش، بھوٹان، میانما، نیپال، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ہندوستان کی مختلف ریاستی سرکاروں سمیت شراکت دار ملکوں کے وفود کا کانفرنس میں شرکت کرنے پر خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے این سی بی کی انتظامی اور آپریشنل کتابچہ بھی جاری کئے۔بمسٹیک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے منشیات کے ناجائز کاروبار کو ایک عالمی لعنت قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک سرخیوں میں رہنے والا عالمی معاملہ ہے، جس کی گرفت میں ہر ملک، خصوصاً خلیج بنگال سے منسلک ممالک ہیں۔اس طرح تمام ملکوں کے لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ وہ اس لعنت سے نمٹنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ اپنے خیالات، پالیسیاں اور بہترین قسم کے طور طریقوں کی جانکاری فراہم کریں۔وزیر داخلہ نے منشیات کی عالمی لعنت کو ختم کرنے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کے ویژن کے بارے میں بات کی اور 2018 کے کٹھمنڈو بمسٹیک کانفرنس کا ذکر کیا، جہاں وزیراعظم نے منشیات کے ناجائز کاروبار سے نمٹنے کے بارے میں موجودہ کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے شراکت دار ملکوں کوہندوستان نے مدعو کیا تھا۔مسٹر شاہ نے وزیراعظم کا کے بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ایسا ملک نہیں ہے، جو عالمی دہشت گردی، بین ملکی جرائم اور منشیات کے ناجائز کاروبار سے متاثر نہ ہوا ہو۔