فساد کے ملزمین کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں: برندا کرات

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-March-2020

نئی دہلی، (یو این آئی) مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سینئر لیڈر برندا کرات نے دہلی پولیس کمشنر کو خط لکھ کر فساد کے ان ملزمین کے نام عام کرنے کو کہا ہے جن کے خلاف ایف آئی آر کرائی گئی ہے۔سی پی ایم پولٹ بیورو کی رکن محترمہ کرات نے دہلی پولیس کمشنر ایس این سریواستو کو پیر کو خط لکھ کر کہاکہ اخبارات میں شائع رپورٹ کے مطابق فساد کے الزام میں 148ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ تعزیرات ہند کی دفعہ 41کے تحت جن لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہے ان کے نام اور پتہ اور ایف آئی آر درج کرنے والے افسران کے نام پولیس تھانہ میں عام کئے جاتے ہیں۔ کنٹرول روم بھی ہر تھانہ سے یہ اعدادو شمار مانگتا ہے۔محترمہ کرات نے خط میں کہا کہ جب وہ تشدد سے متاثر علاقہ میں گئیں تو لوگوں نے کہاکہ وہ خودایف آئی آر درج کروانا چاہتے تھے لیکن درج نہیں کی گئی اورپولیس نے یہ بھی نہیں بتایا کہ کس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔انہوں نے پولیس کمشنر سے مانگ کی کہ تمام ایف آئی آر میں شامل لوگوں کے نام عوامی طورپر سامنے لاکر اصول پر عمل کیا جائے۔