کرونا وائرس:ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کا مطالبہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-March-2020

ٹوکیو /واشنگٹن،ہفتے کے روز امریکی ایتھلیٹکس فیڈریشن نے امریکی اولمپک سربراہوں سے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اولمپک مقابلوں کو ملتوی کیا جائے۔ تاکہ لوگوں کو اس بڑھتے ہوئے عالمی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔اس مطالبے کی سوئمنگ فیڈریشن نے بھی حمایت کی ہے۔فیڈریشن کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ہمارے ایتھلیٹ سخت دباؤ اور پریشانی سے دوچار ہیں۔ ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو مد نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔ ان حالات میں ہمارے ایتھلیٹ اولمپک مقابلوں کے لیے بہتر تیاری نہیں کر سکتے۔فیڈریشن کے اعلیٰ اہل کار سیگل کا کہنا ہے کہ اس مشکل اور پیچیدہ صورت حال میں کوئی حتمی فیصلہ آسان نہیں ہے۔ لیکن التوا کی وکالت کرنے سے ہمارے ایتھلیٹس کو قدرے اطمنان و سکون ملے گا اور وہ ذہنی اور جسمانی طور پر اولمپک کی تیاری کر سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اولمپکس مقابلوں میں شرکت کے خواہش رکھنے والے کھلاڑیوں کی ساری توجہ اپنی اور اہل خاندان کی صحت اور دیکھ بھال پر مرکوز ہے۔