ڈبلیو ایچ او کی مالی امداد پر روک:

:تاثیر اردو نیوز نیٹورک

 امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نےامریکہ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو دئیے جانے والے فنڈ کو روکنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او پر کورونا وائرس (کووڈ -19) کے پھیلنے سے روکنے میں ناکام رہنے اور اس سے متعلق صحیح معلومات چھپانے کا الزام لگایا ہے۔  ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران کہا  میں اپنی انتظامیہ کو ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ کو روکنے کی ہدایت دے رہا ہوں۔ کووڈ -19 کے حوالہ سے بدنظمی اور اس کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کو چھپانے میں ڈبلیو ایچ او کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا“۔
ٹرمپ نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالہ سے ڈبلیو ایچ او کی جوابدہی طے کی جانی چاہیے۔ امریکی صدر نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس کیسز کے آغاز کے ساتھ ہی ڈبلیو ایچ او اسے قابو کرنے میں ناکام رہا اور اس سے متعلق اصل صورت حال کو مسلسل چھپاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ڈبلیو ایچ او کوسالانہ 40 سے 50 کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کرتا ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ڈبلیو ایچ او نے وقت پر طبی ماہرین کو چین میں بھیج کر اصل صورت حال کا اندازہ کیا ہوتا اور اس وبا کے سلسلے میں چین کی جانب سے شفافیت میں کمی پر عالمی برادری کو آگاہ کیا ہوتا تو اس وبا کو روکا جا سکتا تھا ۔ اس سے ہزاروں لوگوں کی زندگی بچائی جا سکتی تھی اور عالمی معیشت کو ہونے والے نقصان  سے بھی بچا جا سکتا تھا۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے  کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا فنڈ روکنے کے لئے یہ صحیح وقت نہیں ہے۔ انہوں نےکہا کہ ”یہ وقت ڈبلیو ایچ او یاکووڈ-19 کے خلاف جنگ لڑنے والے کسی دوسرے انسان ساختہ تنظیم کی مہم کے ذریعہ میں کمی کرنے کا وقت نہیں ہے، جیسا کہ میں نے پہلے کہا ہے، یہ وقت اس وبا کو روکنے کے لئے بین الاقوامی برادری کے متحد ہونے کا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور چیئرمین بل گیٹس نے عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) کے مسلسل بڑھتے کیسز کے درمیان امریکہ کی جانب سے ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنے کے فیصلہ کو خطرناک قرار دیا ہے۔ گیٹس نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ اس عالمی صحت کے بحران کے دوران ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنا خطرناک ہے۔
مائیکرو سافٹ کے چیئرمین نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کیے جا رہے کاموں سے کووڈ -19 کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی ہے اگر ڈبلیو ایچ او کا کام رک جاتا ہے تو کوئی دوسری تنظیم اس کی جگہ نہیں لے سکتی۔موجودہ وقت میں دنیا کو ڈبلیو ایچ او کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔