شعیب اور حفیظ کو باعزت طریقے سے ریٹائر ہونے کا مشورہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-April-2020

کراچی،: سابق ٹیسٹ اوپنر اور کپتان رمیز راجا نے دو سابق کپتانوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کے بارے میں اپنے پرانے موقف کو دہرایا ہے کہ دونوں کو باعزت انداز میں انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے لینی چاہیے۔ اتوار کو میڈیا سے بات چیت میں مشہور مبصر نے کہا کہ میں کوشش کرتا ہوں کہ کسی بھی کھلاڑی کے انفرادی فعل پر بات نہ کروں۔ میرا دونوں سے گراوئنڈ میں اکثر آمنا سامنا ہوتا ہے اس لئے میں کوشش کرتا ہوں کہ وہ میری کسی بات پر ردعمل نہ دیں ، ان کی خدمات انکار نہیں کیا جاسکتاالبتہ اس موقع پر دونوں کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کو خیر باد کہہ دینا چاہیے۔ رمیز راجا نے کہا کہ میں پی سی بی میں نہیں آناچاہتا۔ کبھی فرد واحد کی بات نہیں کرتا لیکن کرکٹرز کی سمت کا تعین درست ہونا چاہیے۔ سچی بات کر نے کا عادی ہوں، ایسے فیصلوں سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ چونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ابھی کافی وقت ہے لہذا انہوں نے پچھلے چند میچوں میں متعدد کامبی نیشن آزمائے اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا لیکن محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سری لنکا کے خلاف نہ کھلانے کا مقصد قطعاً یہ نہیں تھا کہ انہیں ہمیشہ کے لئے نظرانداز کردیا گیا ہے یا بورڈ ان کے خلاف تھا۔ یہ دونوں کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پلان کا حصہ ہیں۔ اب ہمارے پاس زیادہ کھلاڑیوں کا پول ہے اور ہم بہتر کامبی نیشن کے ساتھ ٹیم تشکیل دے سکتے ہیں۔