ناظرین کے بغیر کھیلا جاسکتا ہے آئی پی ایل: ہربھجن

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-April-2020

ممبئی، (یو این آئی ) سابق ہندستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کے انعقاد کو لے کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا شبہ آئی پی ایل کے لئے ناظرین بہت اہم ہیں لیکن کورونا وائرس کی وجہ بنی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے بغیر ناظرین کے آئی پی ایل کرانا صحیح انتخاب رہے گا۔ہربھجن نے کرکٹ کنکٹیڈ پروگرام میں کہاکہ ناظرین کھیل کے لئے بہت اہم ہیں لیکن اگر صورتحال سازگار نہیں ہوتی ہے تو مجھے بغیر ناظرین کے کھیلنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ جی ہاں، بلاشبہ ایک کھلاڑی کے طور پر خالی میدان میں کھیلنے میں وہ احساس نہیں آئے گا لیکن اس سے ہر پرستار کو ٹی وی پر آئی پی ایل دیکھنے کی ترغیب ملے گی۔سابق کھلاڑی نے کہاکہ اگر انعقاد ہوتا ہے تو ہمیں ہر طرح کی احتیاط برتنی ہوگی اور میدانوں، ہوٹل، پروازوں کے سینیٹائزیشن کے ساتھ ساتھ ہمیں کھلاڑیوں کی سیکورٹی کا بھی خیال رکھنا ہوگا۔ جب سب ٹھیک ہو تب ہمیں آئی پی ایل کا انعقاد کرنا چاہئے۔ٹربنیٹر کے نام سے مشہور کھلاڑی نے کہاکہ میں میچوں کو بہت یاد کر رہا ہوں اور امید کر رہا تھا کہ ایک سال بعد میں تمام 17 مقابلے کھیلوں گا۔ میں میدان میں دیگر کھلاڑیوں سے ملاقات، پرستار کی طرف سے داد و تحسین اور موٹر سائیکل اور بس کا سفر کرنا بہت یاد کر رہا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ تمام پرستار بھی اسی کا انتظار کر رہے ہوں گے۔ “انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ آئی پی ایل کا جلد انعقاد ہو اور تب تک وہ خود کو فٹ رکھنے کے اہل رہیں۔ آئی پی ایل کا انعقاد دراصل پہلے 29 مارچ کو ہونا تھا جس کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سےانعقاد کو 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ لیکن اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے پورے ملک میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد ایک بار پھر آئی پی ایل کے بارے میں تذبذب کی حالت بنی ہوئی ہے۔