پٹرول – ڈیزل سے ہوئی کمائی لاک ڈاؤن میں لوگوں کو تقسیم کرے حکومت:کانگریس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-April-2020

نئی دہلی،(یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ بین الاقوامی بازارمیں خام تیل کی قیمت اب تک کی سب سے نچلی سطح پر ہے اور حکومت اس سے جم کر کمائی کررہی ہے لیکن ملک کے عوام کو اس کا فائدہ نہیں مل رہا ہے۔کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت جو منافع تیل سے کما رہی ہے اس کا فائدہ عوام کو ملنا چاہئے اور تیل سے ہوئی کمائی کا پیسہ کورونا راحت کے طور پر لوگوں میں تقسیم ہوناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو تیل سے کتنا فائدہ ہے اس کا اندازہ اسی سے لگایا جاسکتا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں تیل کے دام ایک ڈالرفی بیرل گرتے ہیں تو ہندوستانی حکومت کواس سے 10704 کروڑ روپے کا فائدہ ہوتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ اس وقت چھ سال پہلے کے مقابلےمیں تیل تقریباً 80فیصد گرا ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جس طرح سے عالمی بازار میں تیل کی قیمت گری ہے اسے دیکھتے ہوئے بین الاقوامی شرح کے حساب سے پٹرول کی حقیقی قیمت 28روپے فی لیٹر ہونی چاہئے لیکن یہ 74روپے فی لیٹر کی شرح سے فروخ ہورہا ہے۔اسی طرح سے ڈیزل 22روپے فی لیٹر ملنا چاہئےلیکن 65روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا جس تیزی سے پھیل رہا ہے،اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ حالات خطرناک ہیں۔