کورونا سے مزید ہلاکتیں، بلجیم نے لاک ڈاؤن کی مدت 19 اپریل تک بڑھا دی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-April-2020

برسلز  بلجیم کورونا وائرس کی ہلاکتوں کی تعداد تین سو 53تک پہنچ گئی ہے جبکہ حکومت نے لاک ڈاؤن کی مدت19اپریل تک بڑھادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلجیم میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران تقریبا 3000 ٹیسٹ کیئے گئے جس میں سے 1850نئے کورونا پازیٹیو کیسسز سامنے آئے ہیں۔ یہ بات فیڈرل ہیلتھ منسٹری کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس میں بتائی گئی۔ اسی دوران یعنی گذشتہ 24گھنٹے مزید 64 افراد اس بیماری سے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ اس طرح بلجیم میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 9134 جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد اب تک 353 تک پہنچ گئی ہے۔ گذشتہ روز 575 نئے مریضوں کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا۔ مرنے والوں میں 90 فیصد افراد 60 سال کی عمر سے زائد کے ہیں۔ حکومت نے بیماری میں اضافے کے اس پیٹرن کو مد نظر رکھتے ہوئے بلجیم میں لاک ڈائون کی مدت بڑھا کر 19 اپریل تک کر دی ہے اور پولیس کو حکم دیا گیا ہے وہ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کو جرمانہ اور اور ان کے خلاف مقدمات قائم کرے۔ اس حوالے سے پولیس نے مختلف جگہوں پر 2000 سے زائد گاڑیوں کو روکا اور اپنے گھر سے نکلنے کی مناسب وجہ نہ بتا سکنے والی گاڑیوں کو ضبط کرنا شروع کر دیا ہے۔ آج ہی سے بلاوجہ گھر سے باہر نظر آنے والے افراد کو پہلے مرحلے میں 250 یورو جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ حکومت نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں تک محدود ہو کر اس بیماری میں اضافے کو روکنے میں تعاون کریں۔ مدت میں یہ اضافہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماہرین پر مشتمل کراسسز مینجمنٹ سینٹر کی مشاورت سے کیا گیا۔ اس حوالے سے اعلان گذشتہ شام بلجیم میں قائم عبوری حکومت کی وزیر اعظم صوفی ویلمس نے سیاسی قیادت پر مشتمل نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد کیا۔ یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں حکومت نے 3 اپریل تک لاک ڈائون کا اعلان کیا تھا لیکن ماہرین سے مشورے اور فیلڈ سے آنے والی رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مدت میں مزید 2 ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ماہرین نے اس کے پھیلاؤ کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے لاک ڈائون یا گھروں میں محدود رہنے کو بچائو کا اس وقت واحد قابل عمل حل قرار دے رکھا ہے۔