کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کی زیادہ سے زیادہ تشخیص ضروری : یچوری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-April-2020

نئی دہلی،( یواین آئی) مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے جنرلسکریٹری سیتا رام یچوری نے کورونا وائرس (کووڈ -19) سے لڑنے کے لئے حکومت کے سامنے سات سوال اٹھاتے ہوئے کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی زیادہ سے زیادہ جانچ کرانے پر زور دیا ہے تاکہ ہم بروقت اس کا حل نکال سکیں۔مسٹر یچوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب پہلے ہی وزیر اعظم ریلیف فنڈ کام کر رہا ہے تو الگ سے پی ایم کیئر فنڈ بنانے کی ضرورت کیا تھی۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے ان سوالات کو اٹھاتے ہوئے یہ بھی پوچھا ہے کہ کورونا وائرس کے بارے میں وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن روز شام کو خود پریس کانفرنس کیوں نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں ایمانداری اور شفاف طریقے سے سوالات کے جواب دینے کی ضرورت ہے لیکن یہ دونوں وزرا میڈیا کے سامنے بریفنگ میں سامنے نہیں آتے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بار بار خبردار کیا ہے کہ ڈاکٹروں، نرسوں وغیرہ کے لئے ماسک، گیئر زاور دیگر ضروری اکیوپمنٹ فراہم کی جائے۔ حکومت آخر اسے خریدنے میں تاخیر کیوں کر رہی ہے۔سی پی ایم لیڈر نے کہا کہ یہ حکومت کوآپریٹو ازم کی بات کرتی ہے لیکن کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے مرکز ریاستوں کی باتوں کو سنے اور انہیں تعاون کرے۔مسٹر یچوری نے اپنے ٹوئٹ کی حمایت میں میڈیا میں شائع رپورٹوں کو بھی پیش کیا جس میں کورونا وائرس کے بارے میں صحیح صورتحال کا پتہ چلتا ہے۔ سی پی ایم لیڈر کے یہ سوال میڈیا کی رپورٹوں میں بھی اٹھائے گئے ہیں ۔