کورونا کے سبب انگلش کرکٹ بورڈ کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-April-2020

لندن،:کورونا وائرس نے پوری کرکٹ ورلڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ غیر یقینی کا شکار ہیں۔ ماہرین خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ اگر کورونا وائرس کی وجہ سے انگلش کرکٹ سیزن مکمل طور پر نہیں ہوتا ہے تمام ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل سیریز منسوخ ہوجاتی ہیں تو انگلش کرکٹ بورڈ دلوالیہ ہوسکتا ہے۔ محتاط اندازے کے مطابق انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو تقریباً تین سو ملین پائونڈ کا ریکارڈ خسارہ برادشت کرنا پڑے گا۔ ای سی بی کے لئے تین انٹر نیشنل سیریز کے علاوہ سب سے بڑا دھچکہ ہنڈریڈ بال ٹورنامنٹ ہے جس کی تشہیر پر انگلش بورڈ 46 ملین پائونڈ خرچ کر چکا ہے۔ پہلے ہی میڈیارپورٹس میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس سیزن میں کائونٹی چیمپئن شپ منسوخ ہونے کے امکانات ہیں۔ اس انگلش سیزن میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان نے ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہے جبکہ آسٹریلیا نے ون ڈے میچوں میں حصہ لینا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش بورڈ کے حکام سر جوڑ کے بیٹھے ہیں ان کی ٹیم سری لنکا کا دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آگئی ہے۔ پھر کورونا کی وجہ سے انگلینڈ پہلا ملک ہے جس کا سیزن براہ راست سب سے پہلے متاثر ہوگا۔ 21 اپریل کو آئی سی سی کی ایک اور ٹیلی کانفرنس ہورہی ہے جس میں آئی سی سی حکام مستقبل کے حوالے پلاننگ کریں گے۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بھی شدید تر ین خدشات سے دوچار ہے۔ آئی سی سی کے رکن ملکوں کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ آئی سی سی کے ایونٹ سے ملنے والا شیئر ہے لیکن اگر آئی سی سی ایونٹ ہی نہیں ہوتے تو پھر رکن ملکوں کو شیئر ملنا بھی مشکل ہوجائیں گے۔ ای سی بی اس لئے سب سے پہلے متاثر ہورہا ہے کیوں کہ اس کا سیزن اپریل میں شروع ہوجاتا ہے۔ ای سی بی کو اپنے براڈ کاسٹ اور کمرشل رائٹس میں سب سے زیادہ آمدنی انٹر نیشنل میچز، بلاسٹ ٹی 20 اور ہنڈریڈ بال ٹورنامنٹ سے متوقع ہے۔ نمائندہ جنگ نے ایشین کرکٹ کونسل سے رابطے کی کوشش کی تو کسی نے فون اٹھانے کی زحمت نہیں کی۔