امریکہ کو شام اور عراق سے نکال دیا جائے گا: ایرانی سپریم لیڈر

Taasir Urdu News Network | Tehran (Iran) on 19-May-2020

تہران : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی فورسز کے مشرق وسطیٰ سے نکل جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کو عراق اور شام سے نکال دیا جائے گا۔آیت اللہ خامنہ ای نے اتوار کو طلبہ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان، عراق اور شام میں امریکی اقدامات کی وجہ سے اس سے نفرت کی جاتی ہے۔ امریکہ کو شام اور عراق میں رہنے نہیں دیا جائے گا اور اسے وہاں سے نکال دیا جائے گا۔آیت اللہ خامنہ ای کی ویب سائٹ پر اس خطاب کی تفصیلات میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کی کارکردگی نے امریکہ کو اس مقام تک پہنچا دیا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک اس سے نفرت کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے دنیا میں رائے عامہ کو بہتر بنانے پر خرچ کردہ رقم کے باوجود اس کی حکومت اور نظام دنیا کے بیشتر حصوں میں بدنام ہو گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں امریکہ کے جھنڈے نذرِآتش کیے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ تنازع کافی پرانا ہے جس میں حالیہ چند ماہ کے دوران شدت آئی ہے۔اتوار کو طلبہ سے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکہ سے نفرت کے ذمہ دار امریکی حکومت میں شامل متشدد لوگ ہی نہیں ہیں بلکہ امریکی حکومت کی کارکردگی، افغانستان، شام اور عراق میں جارحیت کی وجہ سے بھی امریکہ سے نفرت کی جاتی ہے۔