انگلینڈ ٹیم کے کپتان مورگن کو رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد پر شک

Taasir Urdu News Network | London (England) on 29-May-2020

لندن : انگلینڈ کی محدود اوورز ٹیم کے کپتان ایون مورگن کا خیال ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ اس سال پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق نہیں ہو گا کیونکہ میزبان آسٹریلیا کو اپنے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلنے پر تشویش ہے۔ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں ہونا ہے۔ سفری پابندیوں اور اپنی سرحدوں کو سیل کرنے کی وجہ سے یہ ملک بڑے پیمانے پر اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں کامیاب رہا ہے۔ مورگن نے کہاکہ اگر پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ایسا ہوتا ہے تو مجھے حیرت ہوگی میں یہ سب آسٹریلیا نے اس وبا سے نمٹنے کے طریقے کو دیکھ کر کہہ رہا ہوں۔ انہوں نے سرحدوں کو بہت پہلے ہی بند کردیا تھا۔دیگر ممالک کے مقابلے میں یہاں ایک محدود تعداد میں معاملے ہوئے ہیں اور کم اموات ہوئی ہیں۔آسٹریلیا میں صرف 7100 معاملے ہی رپورٹ آئے ہیں، جن میں سے 6500 وائرس سے نجات پاچکے ہیں جبکہ 103 کی موت ہوئی ہے۔ ان کی سب سے بڑی تشویش یہ ہوگی کہ ایک چھوٹا قدم بہت سے مثبت واقعات کا باعث بن سکتا ہے۔وہ نہیں جان سکیں گے کہ اگر وائرس پھیل گیا تو پھر اس پر قابو کیسے ہوگا۔ مورگن نے کہا کہ دنیا بھر سے ٹیمیں وہاں کھیلنے کے لئے پہنچیں گی اور ایسی صورتحال میں کووڈ 19 کے پھیلنے کا امکان ہوگا۔