بابری مسجدشہادت کیس:لاک ڈائون کی وجہ سے سماعت ملتوی

Taasir Urdu News Network | Lakhnau (Uttar Pradesh) on 28-May-2020

لکھنؤ:  ایودھیا میں بابری مسجد شہادت کیس کی سماعت میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملک گیر لاک ڈاؤن کااثرجمعرات کودیکھاگیا۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں ، ملزم کے وکیل نے دلیل دی کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام لوگوں سے رابطہ نہیں کیاجاسکتا۔ لہٰذا التواکاحکم دیا جائے ، جس پر عدالت نے سماعت کے لیے نئی تاریخ دی ہے۔ در حقیقت جمعرات کے روز خصوصی جج ایس کے یادو نے 32 ملزمان کو لال کرشن اڈوانی ، اوما بھارتی ، کلیان سنگھ ، مرلی منوہر جوشی سمیت دیگرملزمان کوگواہی کے لیے طلب کیا۔6 دسمبر 1992 کو بابری شہادت کیس میں ایودھیامیں ایف آئی آر درج کی گئی تھی ، جو 28 سال پہلے پیش آیا تھا۔ سی بی آئی نے اس معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے 49 ملزمان کے خلاف خصوصی عدالت میں چارج شیٹ دائر کی تھی۔ اس معاملے میں ، سابق وزیر داخلہ لال کرشن اڈوانی ، سابق وزیراعلیٰ اوما بھارتی ، سابق وزیراعلیٰ کلیان سنگھ ، سابق مرکزی وزیر مرلی منوہر جوشی ، پون کمار پانڈے ، برج بھوشن شرن سنگھ ، ستیش پردھان ، ونئے کٹیار ،رام ولاس ویدانتی ، مہنت دھرمداس ، ساکشی مہاراج ، آر این سریواستوشامل ہیں۔ ملزمان میں 32 افراد زندہ ہیں ، جبکہ 19 کی موت ہوگئی ہے۔ بدھ کے روز اس کیس میں سی بی آئی کی گواہی مکمل ہوئی۔ جبکہ جمعرات کو ملزمان نے سی آر پی سی کی دفعہ 313 کے تحت گواہی دی۔