راہل ، پرینکا اور سونیاگاندھی نے مودی حکومت پرمل کر حملہ کیا

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India) on 28-May-2020

نئی دہلی: پی ایم مودی اورحکومت پرسب سے بڑا حملہ کانگریس نے لاک ڈاؤن پرکیاہے۔ جمعرات کے روز کانگریس کی صدرسونیاگاندھی ، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت کے خلاف ٹرپل حملہ کیا۔کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی۔سونیاگاندھی نے کہاہے کہ کورونا کی وبا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریبوں کی حالت خراب ہے لیکن حکومت ان پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک تقسیم کے بعد سب سے بڑے سانحے سے گزر رہا ہے۔ غریب ، مزدور،چھوٹے تاجر اور کسان پریشان ہیں۔ ملک کا ہر فرد اپنی تکلیف محسوس کر رہا ہے۔ لیکن حکومت کواس سے کوئی فرق نہیں پڑرہاہے ۔ہم نے بار بار حکومت کو متنبہ کیا ہے لیکن حکومت سمجھنے کو تیار نہیں ہے۔اسی لیے کانگریس نے ہندوستان کی آوازبلندکرنے کے لیے ایک سماجی مؤقف اپنایا ہے۔ حکومت فوری طور پر خزانے کا تالا کھول دے اور غریبوں کو راحت فراہم کرے۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی اس مطالبے کا اعادہ کیا اور کہا کہ کورونا کی سب سے زیادہ مارغریبوں پرہے۔ انھوں نے کہاہے کہ مزدوروں کو بھوکے پیاسے ہزاروں کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے۔صنعتوں کو جو ملک کو بے حدروزگاردیتے ہیں وہ ایک کے بعد ایک بند ہورہے ہیں،انھیں ہندوستان کو قرض کی ضرورت نہیں ، آج ملک کو پیسوں کی ضرورت ہے۔ غریب عوام کو پیسوں کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس حکومت کے سامنے چار مطالبات رکھتی ہے۔کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ غریبوں کے کھاتے میں فوری طور پر 10 ہزار روپے دیے جائیں۔انھوں نے کہاہے کہ میں خاص طور پر بی جے پی سے کہہ رہی ہوں کہ سیاست نہ کریں۔ اب وقت آگیا ہے کہ سب اکٹھے ہوں اور غریبوں کا ساتھ دیں۔ نظریہ سے اوپر اٹھنے کی ضرورت ہے۔ اترپردیش حکومت نے بسوں پر سیاست کی۔مہاراشٹر میں حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ آج ملک کے عوام ناخوش ، غمزدہ ہیں۔ حکومت ان کی مددنہیں کررہی ہے۔ ہم انسانیت پسندی کی بنیاد پر مطالبہ کررہے ہیں ، آئیے ہم سب غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔