رنویر سنگھ نے اپنی کامیابیوں کا سہرا دیپکا پڈوکون کے سر باندھ دیا

Taasir Urdu News Network | Mumbai (Maharashtra) on 29-May-2020

ممبئی : بھارتی فلموں کے ہیرو رنویر سنگھ نے اپنی زندگی میں اہلیہ دپیکا پڈوکون کی اہمیت بتاتے ہوئے اور اپنی کامیابیوں کا سہرا ان کے سر باندھتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ میرے ساتھ نہ ہوتی تو میں زندگی میں کچھ حاصل نہ کر پاتا، ہار جاتا۔رنویر سنگھ نے گزشتہ دنوں ایک انسٹا گرام لائیو چیٹ میں شرکت کی، اس دوران رنویر سنگھ نے دپیکا سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ایک فلمی ہیرو ہونے کے ناطے اس پریشر کو اکیلے بر داشت نہیں کر سکتے تھے۔لائیو چیٹ کے دوران رنویر سنگھ سے سوال کیا گیا کہ اگر آپ کی زندگی میں دپیکا نہ ہوتی تو زندگی کا حاصل کیا تھا، جواب میں رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ ’ہم دونوں کے کرداروں میں سے دپیکا کا زیادہ مضبوط اور اہم کردار ہے، بطور شوہر وہ اپنا کردار نبھانے کے لیے کو ششیں کرتے رہتے ہیں، دپیکا نے اپنے کیریئر میں مجھ سے زیادہ اتار چڑھاؤ دیکھ رکھے ہیں، دپیکا میرے لیے ایک بہترین رہنما اور ایک مضبوط ستون ہے، وہ مجھے میرے مرکز پر توجہ مبذول کرائے رکھنے میں مدد کرتی ہے، اگر دپیکا میری زندگی میں نہ ہوتی تو شاید میں نے کچھ حاصل نہ کیا ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے دپیکا سے ملے ہوئے 10 سال ہو گئے ہیں، میں اپنے کیریئر کے شروع ہونے کے 3 سال بعد دپیکا سے ملا اور باقی 7 سال اْس کے ساتھ گزارے ہیں، میں نے بغیر کسی نقصان کے دپیکا کے ساتھ مؤثر انداز میں اپنی محنت کے نتائج حاصل کیے ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کو بلاک بسٹر فلمیں دینے والی جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ حقیقی زندگی میں بھی کامیاب جوڑی ہے۔