ممتا بنرجی نے غیر مقیم بنگالی ورکروں کے مسائل سے منھ موڑلیا ہے:ادھیررنجن چودھری

Taasir Urdu News Network | Kolkata (West Bangal) on 29-May-2020

کلکتہ : لاک ڈاؤن کی وجہ سے دو مہینے تک دہلی میں پھنسے رہنے کے بعد لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر اور بہرام پور سے ممبر پارلیمنٹ ادھیررنجن چودھری نے آج فلائیٹ سروس شروع ہونے کے بعد کلکتہ پہنچ گئے ہیں۔ادھیرنے کہا کہ ممتا بنرجی غیر مقیم مزدوروں کے مسائل سے منھ موڑ لیا ہے جب کہ دیگر ریاستوں میں مقیم بنگالی ورکروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کلکتہ پہنچتے ہی ممتاحکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیر مقیم بنگالی ورکر ہرسال کروڑوں روپے کماکر بنگال میں بھیجتے ہیں۔مگر اب وہ مصیبت میں ہیں تو ممتا حکومت نے ان سے منھ موڑلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگالی ورکر دوسری ریاستوں میں پریشان حال ہیں اور حکومت ان سے منھ نہیں موڑسکتی ہے۔لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے رہنما ادھیررنجن چودھری لاک ڈاؤن کی وجہ سے دہلی میں پھنس گئے تھے۔ دہلی میں بیٹھ کر ہی بنگالی غیر مقیم ورکروں کی مدد کررہے تھے۔انہوں نے ممتا بنرجی کو خط لکھ کر کہا تھا کہ اپوزیشن میں ہونے کے باوجود وہ بنگالی ورکروں کی واپسی کیلئے مدد کرنے کو تیار ہیں۔امفان طوفان کے بعد وزیراعظم مودی کو بھی انہوں نے خط لکھ ریاست کی صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔چودھری نے کہا کہ دوسری ریاستوں میں پھنسے بنگالی ورکروں کے لانے کا عمل بہت ہی سست روی کا شکار ہے۔جولوگ آرہے ہیں وہ کورونا نیگیٹو سرٹیفکیٹ“ پیش کرتے ہیں۔پہنچنے کے بعد دوبارہ ان کی جانچ ہوتی ہے اور اس کے باوجود انہیں سیلف کورنٹائن میں رکھا جاتا ہے۔اس کے باوجود ممتا بنرجی امفان کے بہانے ورکروں کو لانے والی ٹرین کو رد کرنے کی با ت کررہی ہیں۔جب کہ ددوسری طرف بڑی تعداد میں بس، ٹرک، کار آرہے ہیں۔ان کی نگرانی کرنے کے بجائے یہ کہا جارہا ہے کہ ٹرین سے آنے ولے مزدوروں کی وجہ سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔کانگریس رہنما نے کہاکہ کورونا سے نمٹنے کے لئے مستقل یا عارضی طبی انفراسٹرکچر بنانے کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا مگر بنگال میں کچھ بھی نہیں کیا گیا۔