مودی حکومت کی دوسری میعاد فیصلہ کن : نڈا

تاثیر اردو نیوز سروس،30؍مئی، 2020

نئی دہلی، ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈانے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی پہلی مدت کار اصلاحات اور مفلوج نظام کو پٹری میں لانے والی تھی لیکن دوسری میعاد فیصلہ اقدامات والی ہے اور کورونا بحران میں بھی ہم خود کفیل ہندوستان کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں۔مسٹر نڈانے یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کی دوسری مدت کار کا ایک برس مکمل ہونے کے موقع پر پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت 2.0 کے پہلے سال میں ہندوستان بہت تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے اور تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔ پہلا سال کامیابیوں کا تھا۔ کورونا کے اچانک بحران کے دور میں بھی مسٹر مودی نے ملک کو ایک نظریہ دیا اور ملک کو صحیح طریقے سے سنبھالا ہے۔ ایسے قدم اٹھائے گئے جس سے ہندوستان خود اعتمادی کے ساتھ انڈیپنڈنٹ بنا۔بی جے پی صدر نے کہا کہ مودی حکومت کے چھ سال کی مدت میں سات دہائی کے عرصے میں چھوٹی کمیوں کو پورا کرنے کا کام کیا گیا۔ بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور تیز رفتار سماجی اور اقتصادی بحالی کے اقدامات اٹھائے گئے۔ غریبوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔ کورونا کے بحران میں عوامی شراکت داری کے ساتھ وقت پر پختہ فیصلہ لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے اٹکانے، بھٹکانے اور لٹکانے والی سیاست کو ختم کرکے بہتر کارکردگی اور تبدیلی کی سیاست شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر مودی کے دوسری مدت کا پہلا سال مکمل ہونے پر ان کو اپنی اور کروڑوں کارکنوں کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پارٹی کے صدر کی حیثیت سے نیک خواہشات دیتے ہیں کہ مسٹر مودی پوری طاقت کے ساتھ جیسی خدمت انہوں نے گزشتہ چھ سال میں ملک کی وزیر اعظم کے طور پر کی ہے، اسی طاقت کے ساتھ ملک کی خدمت میں لگے رہیں۔