کھیل

آئی سی سی کو گیند کو چمکانے کے لئے کوئی دوسرا متبادل لانا چاہیے

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India)  on 29-June-2020

نئی دہلی: ہندوستان کے فاسٹ بولر بھونیشور کمار گیند کو چمکانے کے لئے تھوک کے استعمال پر پابندی سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو جلد ہی اس کا متبادل لانا چاہئے۔ گیند کو سوئنگ کرنے کے لئے گیند کو چمکانے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل جسپریت بمراہ، ایشانت شرما اور چہل بھی یہی بات کہہ چکے ہیں۔حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کورونا وائرس کی وجہ سے میچ کے دوران گیند کو چمکانے کے لئے تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ ہر ٹیم کو ایک اننگز میں دو بار خبردار کیا جائے گا۔ تیسری بار پنالٹی کے طور پر بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے کھاتے میں پانچ رن جوڑ دئیے جائیںگے ۔بھوونیشور نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ آئی سی سی گیند کو چمکانے کے لئے کچھ مصنوعی چیز لائے گی۔ انگلینڈ جیسی سوئنگ حالت میں بولنگ کرتے وقت آپ کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہوگی۔ اسپنرز کو بھی اس کی بہت ضرورت ہوگی۔بمراہ نے کہا تھاکہ گیند پر تھوک کی پابندی سے کھیل مکمل طور پر بدل جائے گا۔ بلے بازوں کو اس کا پورا فائدہ ہوگا۔ پہلے ہی میدان چھوٹا ہوتا جارہا ہے اور وکٹ فلیٹ ہے۔ ایسی صورتحال میں بولرز کو تھوک کے بجائے گیند کو چمکانے کے لئے کچھ اور متبادل ملنا چاہئے تاکہ سوئنگ یا ریورس سوئنگ مل سکے۔بھونیشور نے کہاکہ اس سال آئی پی ایل ضرور ہونا چاہیے۔ یہ لیگ کرکٹ اور مالی لحاظ سے بہت اہم ہے۔اس سال کورونا کی وجہ سے آئی پی ایل غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 29 مارچ سے ہونا تھا۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper