بہار میں شاہ کی ورچوئل ریلی 09 جون کو : بی جے پی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-June-2020

پٹنہ یکم جون ( یواین آئی ) بہار میں اس سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کے سلسلے میں مصروف بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) نے سموار کو اعلان کیا کہ سابق قومی صدر اور وزیر داخلہ امت شاہ 09 جون کو ورچوئل ریلی کر لوگوں کو خطاب کریںگے ۔بی جے پی کے ریاستی صدر اور مغربی چمپارن سے رکن پارلیمنٹ سنجے جیسوال نے یہاں ان لاک 1.0 کے پہلے دن پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفر نس میں کہاکہ مسٹر شاہ 09 جون کو ورچوئل کا نفرنسنگ کے توسط سے ریلی کریںگے ۔ اس کے تحت پہلے شمالی بہار کے سبھی اسمبلی حلقوں میں اور اس کے بعد جنوبی بہار کے سبھی اسمبلی حلقوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے ان کی ریلی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر شاہ لگ بھگ ایک لاکھ لوگوں کو اس تکنیک کے ذریعہ خطاب کریںگے ۔ڈاکٹر جیسوال نے کہاکہ اس تکنیک کے ذریعہ ریاست کے سبھی 243 اسمبلی حلقوں میں مسٹر شاہ کی ریلی ہوگی ۔ اسی طرح پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کی بھی ریلی 09 جون کے بعد ہوگی ۔ حالانکہ انہوں نے کہاکہ مسٹر نڈا کی ریلی کی تاریخ کی جانکاری بعد میں دی جائے گی ۔ مسٹر نڈا فیس بک لائیو کے ذریعہ بھی ریلی کریںگے ۔ریاستی صدر نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بی جے پی کام کرنے میں یقین رکھتی ہے اور اسمبلی انتخاب کے لئے پوری طرح سے تیار ہے ۔ پارٹی لاک ڈاؤن کی مدت میں بھی ڈیجٹیل تکنیک کے ذریعہ ڈویژنل صدور سے منسلک رہی ہے ۔ اسی طرح سبھی عہدیدران کے ساتھ بھی اجلاس ہوتے رہے ہیں ۔ انہوں نے ڈیجٹیل ووٹنگ کرائے جانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ یہ تو طے ہے کہ انتخابی تشہیر میں ڈیجٹیل کا کردار ہوگا لیکن ووٹنگ کیسے ہوگی الیکشن کمیشن کو طے کرنا ہے ۔ڈاکٹر جیسوال نے کہاکہ خود انحصار بھارت اب صرف نعرہ نہیں رہا بلکہ سچائی میں بدل گیا ہے ۔ اس منصوبہ کے تحت 20 لاکھ کروڑ روپے کا پیکج دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے جو پیکج دیا ہے اس سے بہار کے لوگ بھی مستفید ہوںگے ۔ مرکزی حکومت نے مہاراشٹر سے زیادہ بہار کی مدد کی ہے جبکہ مہاراشٹر ایک بڑی ریاست ہے ۔بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کا وقار بڑھایاہے ۔ ان کی قیادت میں حکومت کی دوسری مدت کار کا پہلا سال کانگریس کی تاریخی غلطیوں کو سدھارنے کیلئے جراتمندانہ فیصلوں کیلئے جانا جائے گا۔ نوٹ بندی ، اشیاءاور سروس ٹیکس ( جی ایس ٹی ) اور سرجیکل اسٹرائیک جیسے بڑے فیصلے ہی نہیں بلکہ کورونا انفیکشن کی روک تھام کیلئے وقت رہتے لاک ڈاؤن کا فیصلہ لیکر لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت کی گئی ۔ صحیح وقت پر لوگوں کا علاج کیا گیا ۔ڈاکٹرجیسوال نے کہاکہ آیوشمان بھارت ، جن دھن کھاتا ، اجول منصوبہ اور کسان سمان جیسے منصوبے نافذ کر کے غریب اور کسانوں کا دھیان رکھا گیا ۔ اس کے ساتھ ہی تین طلاق جیسی رسم پر پابندی ، آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کر کے جموں ۔ کشمیر کی از سرنوتشکیل ، پڑوسی ممالک میں زیادتی کے شکار ہزار وں مذہبی اقلیتوںکیلئے سی اے اے بنایا گیا وہیں رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ بھی سلجھا لیا گیا ۔