تھیٹر آرٹسٹوں کے لئے کھانے کا انتظام کررہے ہیں سلمان

تاثیر اردو نیوز سروس،3؍جون، 2020

ممبئی، 2 جون (یو این آئی) بالی وڈکے دبنگ اسٹار سلمان خان تھیٹر فنکاروں کے لئے کھانے کاانتظام کررہے ہیں کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئے لاک ڈاؤن میں سلمان خان مسلسل ضرورتمندوں کی مددکررہے ہیں۔ بالی وڈ کے یومیہ مزدوروں کی مدد کرنے کے بعد اب سلمان ممبئی کے تھیٹرز میں کام کرنے والے فنکاروں کے لئے کھانے کاانتظام بھی کررہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی سلمان اپنے فارم ہاؤس کے آس پاس کے گاؤں والوں کی مدد میں مصروف رہے ہیں اور اب انہوں نے ممبئی کے تھیٹر آرٹسٹوں کے لئے کھانے پینے کا انتظام شروع کردیا ہے۔سلمان نے اپنے فوڈ ڈونیشن ڈرائیو کا نام ’بیئنگ ہنگری‘ رکھا ہے جس میں کھانے پینے کی اشیاء سے بھرے ٹرک لوگوں کے درمیان کھانا بانٹ رہے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ اتوار 31 مئی کو سلمان خان نے کھانے سے بھرے دو ٹرک پریل کے دامودر ناٹیہ گرہ اور دادر کے شری شیواجی مندر ناٹیہ گرہ میں بھیجے ہیں تاکہ وہاں کام کرنے والے لوگوں کے لئے کھانے کا انتظام ہوسکے۔