عوام پر پڑے گی مہنگائی کی مار ،اب کی بار پٹرول ۔ڈیزل جاسکتا ہے 100کے پار

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India) on 24-June-2020

نئی دہلی: دہلی میں ڈیزل کی قیمت پٹرول سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً18 دن سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ رفتار برقرار رہی تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 100 روپے کو عبور کرسکتی ہیں۔ بدھ کے روز ڈیزل کی قیمت میں 48 پیسے کا اضافہ ہوا۔ اب دہلی میں ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 79.88 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔ یہ لگاتار 18 ویں دن ہے جب ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔انڈیا ٹوڈے ہندی کے ایڈیٹر انشومن تیواری کا کہنا ہے کہ تیل کمپنیوں نے ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اس وقت شروع کیا جب خام تیل کافی نیچے 19 ڈالر فی بیرل تھا۔ تو اب خام تیل کی شرح بڑھ رہی ہے۔ برینٹ کروڈ 40 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا ہے۔تیل کمپنیوں کے پاس جو انوینٹری ہے اس میں بھی انہیں نقصان ہورہا ہے۔ مطالبہ کم ہوگیا ہے اس لیے وہ اپنے مارجن میں اضافہ کرکے اس نقصان کی تلافی کریں گے۔ حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں تقریبا 13 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ اس کا بھی سارا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا گیا ہے۔ ایسی صورت میں یہ فطری بات ہے کہ مزید شرحوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔ اگر یہ رفتار برقرار رہی تو حیرت کی کوئی بات نہیں ہوگی کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 100 روپے فی لیٹر کو عبور کرجائے گی۔