چین کی سرحد پرہندوستانی فوجیوں کی شہادت پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی کی مذمت

Taasir Urdu News Network | Vaniyambadi (Tamil Nadu)  on 19-June-2020

وانمباڑی: ۔تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر ڈاکٹر جے اسلم باشاہ نے چین کی سرحد پر ہندوستانی فوجیوں کی شہادت پر وزیر اعظم نریندرمودی کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے یہاں وانمباڑی شہر کے بس اسٹانڈ سے چار پارٹی ورکروں کے ساتھ دہلی پی ایم او دفتر کا گھیرئو کرنے کیلئے پادایاترا جانے کے دوران پولیس نے انہیں روک کر گرفتار کرلیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر جے اسلم باشاہ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی سرحد پر چینی فوج کی جارحیت اور20ہندوستانی فوجیوں کی شہادت پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی قابل مذمت ہے ۔ تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے ریاستی چیئرمین ڈاکٹر جے اسلم باشاہ نے شہید ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر چین کی جارحیت کی وجہ سے نہ صرف بیس فوجیوں کی شہادت ہوئی ہے بلکہ 45ہندوستانی فوجیوں کوچینی فوج نے یرغمال بناکر انہیں اذیتیں دی ہیں۔ تقریبا 135ہندوستانی فوجی زخمی ہوئے ہیں اور چین نے تقریبا60 مربع کلومیٹر لداخ کے علاقے پر قبضہ کیا ہے لیکن ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی ابھی بھی چین کی جارحیت پر خاموش ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک کے عوام کے سامنے سچ بتانا چاہئے جو ہندوستانی جوانوں کی شہادت پر غم و غصہ میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹر جے اسلم باشا ہ کے ہمراہ دہلی پادایاترا جانے کیلئے ویلور ویسٹ ڈسٹرکٹ یوتھ کانگریس پریسڈنٹ فیصل امین، وانمباڑی اسمبلی یوتھ کانگریس جنرل سکریٹری شیخ اسلم،وانمباڑی کسان ٹائون پریسڈنٹ کوی ارسن، وانمباڑی ٹائون کانگریس کمیٹی جنرل سکریٹری محمد باشاہ موجود رہے ۔ اس موقع پرجمع ہوئے سینکڑوں کانگریس کارکنان اور یوتھ کانگریس ممبران نے چین کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ۔