کسانوں کے مفاد میں ضروری اشیاء قانون میں ترمیم کو کابینہ کی منظوری

تاثیر اردو نیوز سروس،3؍جون، 2020

نئی دہلی، مرکزی کابینہ نے کورونا وبا کی مار جھیلنے والے کسانوں کی حالت بہتر بنانے کی سمت میں ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ضروری اشیاء قانون میں کسان کے مفاد پر مبنی ترمیم کو آج منظوری دے دی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ہونے والے مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر اور وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے تین آرڈیننس لا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اصلاحات کو لاگو کرنے کے لئے ضروری اشیاء قانون میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس سے ایک طرف کسانوں کو اپنی فصلوں کی مناسب دام ملے وہیں دوسری طرف انہیں اپنی مصنوعات فروخت کرنے سے متعلق مختلف پابندیوں سے بھی نجات ملے گی۔مسٹر تومر نے کہا کہ زرعی مصنوعات کے میدان میں یہ انقلابی اور بڑا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس معنی میں تاریخی ہے کہ کسانوں کو اپنی پیداوار فروخت کرنے کی آزادی مل رہی ہے۔ کسان منڈیوں کے باہر کے علاقوں میں یہاں تک کہ اپنے گھر سے بھی مصنوعات فروخت کرسکے گا اور اس پر کوئی ٹیکس بھی نہیں لگے گا۔