ۜمسافر گاڑیوں کے چلنے کے ساتھ ہی عام لوگوں کو راحت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-June-2020

پٹنہ، یکم جون (اسٹاف رپورٹر) راجدھانی پٹنہ سمیت ریاست میں آج سے بس اور دیگر گاڑیوں کو چلانے کی اجازت ملنے کے ساتھ ہی سڑکوں پر خصوصی نقل وحمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پورے ملک میں کورانا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد بس کے علاوہ تمام پیسنجر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ گاڑی کے چلنے پر بھی پابندی لگادی گئی تھی۔ کچھ ضروری کام کے تحت باہر نکلنے والوں کو پاس لے کر آنے جانے کی اجازت دی گئی تھی لیکن آج سے بسوں اور دیگر گاڑیوں کو چلانے کی اجازت ملنے کے بعد لوگوں نے ایک طرف جہاں راحت محسوس کی ہے وہیں گاڑی کے روزگار سے جڑے لوگوں نے بھی راحت کی سانس لی ہے کیونکہ ان کا روزگار پوری طرح سے متاثر تھا۔ اس بیچ بسوں کے آپریشن کو لے کر ٹرانسپورٹ محکمہ نے کئی شرطیں اور احتیاطی قدم اٹھانے کو لازمی کر دیا ہے۔ اس پر بس اور پبلک ٹرانسپورٹ کے منتظمین کو عمل کرناہوگا۔ اس کے تحت مالک اپنی گاڑیوں کو ہر دن دھونے ، صاف ستھرا رکھنےاور ہر ایک ٹرپ کے بعد سیناٹائزڈ کرنا لازمی کردیا ہے۔ ڈرائیور اور کنڈکٹرکو صاف کپڑے ،ماسک اور گلفس پہننے ہوگے۔ گاڑی مالکان گاڑیوں کےاندر اور باہر کووڈ 19 کی وباء سے بچاؤ کی تدبیر سے متعلق پوسٹر اور اسٹیکر بھی لگائیں گے۔ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ مہیا کرائے گئے پمپلٹ کا مسافروں کے بیچ تقسیم کریں گے۔گاڑیوں کے اندر چڑھنے اترنے کے وقت سماجی دوری پر عمل کرناہوگا۔ مقررہ سیٹ کے علاوہ ایک بھی مسافر نہیں لیا جائے گا۔ اس کی ہدایت ڈرائیور اور کنڈکٹر کو دیں گے۔ گاڑیوں میںسیناٹائیزر کی حصولیابی کو یقینی بنائیں گے۔ گاڑیوں میں چڑھنے سے پہلے مسافروں کو ہاتھ صاف کرنے کیلئے سیناٹائیزر مہیا کرائیں گے۔ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ اپنے اپنے حلقہ کے تحت ہر ایک بس اور ٹیکسی اسٹینڈ پر مجسٹریٹوں کے ساتھ پولس فورس کی تعیناتی کی جائے گی اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بسوں میں سیٹ کے مطابق ہی مسافروں کو بس مالکان بیٹھائیں گے۔