ہندستان

کورونا سے ایک دن میں 20 ہزار سے زیادہ افراد صحتمند ہوئے

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

تاثیر اردو نیوز سروس،3؍جولائی، 2020

نئی دہلی، 3 ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اچھی بات یہ رہی کہ کورونا وبا میں مبتلا مریضوں میں پہلی بار 20 ہزار سے زیادہ افراد اس انفیکشن سے پاک ہوئے لیکن اسی عرصے میں 20903 نئے معاملے رپورٹ ہوئےجس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جمعہ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20032 مریض انفیکشن سے پاک ہوچکے ہیں، جو ایک دن میں اب تک کا سب سے زیادہ تعداد ہے، جنہیں ملاکر 379892 افراد صحتمند ہوگئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں میں سے بیشتر کا تعلق مہاراشٹر، تمل ناڈو اور دہلی سے ہے۔ مہاراشٹرا میں 8018 افراد، تمل ناڈو میں 3095 مریض اور دہلی میں 3015 مریض انفیکشن سے پاک ہوئے ہیں۔ ان تینوں ریاستوں میں بھی متاثرہ افراد کی تعداد ملک کے حصوں کے مقابلے سب سے زیادہ ہے۔ملک میں کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 20903 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرہ افراد کی کل تعداد 625544 ہوگئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 379 افراد اس انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں جس سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 18213 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا انفیکشن کے 227439 فعال کیس ہیں۔
کورونا وبا نے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹرا میں، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 6328 اور 125 اموات کی اطلاع ملی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 186626 جبکہ مرنے والوں کی تعداد 8178 ہوگئی ہے۔تمل ناڈو میں، جو انفیکشن کے معاملے میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، متاثرہ افراد کی تعداد 98392 اور مرنے والوں کی تعداد 13321 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 56021 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔دارالحکومت دہلی میں کورونا کی وبا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 92175 اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2864 ہوگئی ہے۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper