امریکہ میں ریکارڈ 52 ہزار کیسز رپورٹ

Taasir Urdu News Network | Washington (America)  on 02-July-2020

واشنگٹن: جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے 52 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وبا کے آغاز سے اب تک امریکہ میں متاثرہ مریضوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔آدھے سے زیادہ نئے کیسز ریاست ایریزونا، کیلی فورنیا، فلوریڈا اور ٹیکساس سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ مذکورہ ریاستوں کو وبا کا نیا مرکز بھی قرار دیا جا رہا ہے۔امریکہ میں اس وبا سے اب تک ایک لاکھ 28 ہزار 62 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 26 لاکھ سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوئے تھے جن میں سے لاکھوں صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فائوچی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو یومیہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے۔پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 78 مریض دم توڑ گئے ہیں اور 2723 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اس وبا سے اب تک 4473 افراد ہلاک اور دو لاکھ 17 ہزار 809 متاثر ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ چار ہزار 694 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔