ایک دن میں ریکارڈ52123 نئے مریضوں کی تشخیص

Taasir Urdu News Network | New Delhi  (India)   on 30-July-2020

نئی دہلی: ہندوستان میں پہلی بار ایک دن میں کورونا وائرس کے 50000 سے زائدنئے کیس رپورٹ ہوئے، جس کے بعد جمعرات کو ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 1583792 ہوگئی۔ اسی کے ساتھ ہی صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی 10 لاکھ کو عبور کر چکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 52123 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ 775 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد بڑھ کر 34968 ہوگئی ہے۔ 528242 مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔ مریضوں کی صحت یابی کی شرح 64.44 فیصد اور اموات کی شرح 2.21 فیصد ہے۔ متاثرہ افراد کی کل تعداد میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ ملک میں اب تک 18 کروڑلوگوں کی جانچ ہوچکی ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے مطابق 29 جولائی تک 18190382 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ دوسری جانب بدھ کے روز 446642 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 775 افراد کی موت ہوئی جس میں مہاراشٹر میں 298، کرناٹک میں 92، تمل ناڈو میں 82، آندھرا پردیش میں 65، مغربی بنگال میں 41، اترپردیش میں 33، دہلی میں 26، پنجاب، گجرات میں 25 افراد ہلاک ہوئے۔ جموں و کشمیر میں 24، مدھیہ پردیش میں 13 اور تلنگانہ میں 12 افراد ہلاک ہوئے۔ بہار اور جھارکھنڈ میں نو نوافراد کی موت ہوئی ہے۔ ہریانہ میں سات، راجستھان میں چھ، اڑیشہ میں پانچ، آسام میں چار، گوا میں تین، اتراکھنڈ اور چندی گڑھ میں دو، دو، کیرالہ اور انڈمان اور نکوبار جزائز میں ایک ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔ اب تک ملک میں 34968 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔