باغی ایم ایل اے بھنور لال نے ہائی کورٹ میں داخل کی تین درخواستیں

Taasir Urdu News Network | Jaipur  (Rajasthan)   on 29-July-2020

جے پور: راجستھان کی سیاسی جنگ ان دنوں عدالت میں لڑی جارہی ہے۔ سچن پائلٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے ایک اور ایم ایل اے نے راجستھان ہائی کورٹ میں تین درخواستیں دائر کی ہیں۔ کانگریس سے معطل ایم ایل اے بھنور لال شرما نے آج ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں ایس او جی کے ذریعہ درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ باغی ایم ایل اے بھنور لال شرما کی جانب سے دائر درخواست میں ایس او جی میں درج دو ایف آئی آر اور اے سی بی کی ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ ایس او جی میں درج ایف آئی آر معاملے کی این آئی اے سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ درخواستیں ایڈووکیٹ ایس ایس ہورا نے دائر کی ہے۔بتایا جارہا ہے کہ باغی ایم ایل اے بھنور لال شرما کی دو درخواستوں پر 4 اگست کو سماعت ہوگی۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کی دو آڈیو سامنے آئیں۔ کانگریس نے دعوی کیا تھا کہ ایم ایل اے بھنور لال شرما بی جے پی قائدین کے ساتھ ایم ایل اے کی ڈیل کررہے تھے۔ اس معاملے کی تحقیقات ایس او جی اور اے سی بی کو دی گئی ہیں۔17 جولائی کو کانگریس نے سچن پائلٹ کیمپ کے دو ایم ایل اے بھنور لال شرما اور وشویندر سنگھ کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کردیا۔ کانگریس نے یہ اقدام ایم ایل اے بھنور لال شرما، مرکزی وزیر گجندر سنگھ شیخاوت اور جے پور کے رہائشی سنجے جین کے درمیان ہوئی مبینہ گفتگو کے بعد ایک آڈیو کے سامنے آنے کے فوراً بعد اٹھایا تھا۔