شیکھر کپور آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت کی یاد میں فلم ’پانی‘ بنائینگے

Taasir Urdu News Network | Mumbai  (Maharashtra)   on 26-July-2020

ممبئی: بولی وڈ کے مشہور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے انتقال سے ہرکوئی حیران ہے۔ اداکار نے 34 سال کی عمر میں ہی دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ مداحوں سے لے کر بولی وڈ شخصیات سشانت سنگھ راجپوت کو یاد کر رہے ہیں۔ اب مشہور پروڈیوسر- ڈائریکٹر شیکھر کپور آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت کی یاد میں فلم ’پانی’ بنائیں گے۔شیکھر کپور نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’اگر آپ بھگوان کے ساتھ کسی سفر میں جڑنا چاہتے ہیں، آپ کو سبھی قدم عقیدت کے ساتھ آگے بڑھانے پڑیں گے۔ بھگوان نے چاہا تو پانی ایک دن ضرور بنے گی۔ میں اس فلم کو سشانت سنگھ راجپوت کو ڈیڈیکیٹ کروں گا، لیکن یہ فلم انہیں لوگوں کے ساتھ بنائی جاسکتی ہے، جو انسانیت دکھائے، نہ کہ غرور’۔واضح رہے کہ شیکھر کپور یش راجبینر کے تلے ’پانی’ بنا رہے تھے۔ اس فلم کے لیڈ ادا کار سشانت سنگھ تھے، لیکن فلم نہیں بن پائی تھی۔ سشانت سنگھ راجپوت کے انتقال کے بعد شیکھر کپور نے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’میں جانتا تھا کہ تم کس درد سے گزر رہے ہو۔ میں جانتا تھا ان لوگوں کی کہانی، جنہوں نے تمہیں اتنی بری طرح مایوس کیا کہ تم میرے کندھے پر رویا کرتے تھے۔ کاش میں گزشتہ 6 ماہ میں تمہارے آس پاس رہ پاتا، کاش تم مجھ سے بات کرپاتے۔ تمہارے ساتھ جو ہوا، وہ تمہارا نہیں۔ بلکہ ان لوگوں کے اقدامات کا پھل ہے۔